Featured

دہلی کی ہوا مزید زہریلی ہوئی، 14 نگرانی مراکز میں ‘سنگین’ زمرے کی آلودگی درج ہوئی

نئی دہلی،  (یو این آئی) دارالحکومت دہلی کی فضائی آلودگی گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے دوسرے مرحلے کی پابندیوں کے نافذ ہونے کے باوجود بدھ کے روز مزید سنگین ہو گئی۔ دارالحکومت میں ہوا کا معیار ‘بہت خراب’ زمرے میں برقرار رہا اور کئی مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر آلودگی کی سطح ‘سنگین’ زمرے میں درج کی گئی۔
صبح چھ بجے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 379 درج کیا گیا، جو منگل کی شام چار بجے درج کیے گئے 350 کے لیول سے زیادہ ہے، جو رات بھر میں ہوا کے معیار میں مزید گراوٹ کا اشارہ دیتا ہے۔
نگرانی مراکز کے اعداد و شمار کے مطابق، 25 میں سے 14 مراکز پر ‘سنگین’ آلودگی درج کی گئی، جبکہ 10 مراکز ‘بہت خراب’ زمرے میں رہے۔ آنند وہار واحد ایسا اسٹیشن تھا جہاں 297 کا اے کیو آئی درج کیا گیا اور وہ ‘خراب’ زمرے میں رہا۔ مندر مارگ پر سب سے زیادہ 508 ایئر کوالٹی انڈیکس درج کیا گیا، جس کے بعد جہانگیر پوری اور پنجابی باغ میں 447-447 درج ہوا۔ روہنی میں 433، وویک وہار میں 428، علی پور میں 419، نریلا میں 418، سونیا وہار اور آر کے پورم میں 417-417، جبکہ آئی ٹی او پر 414 اے کیو آئی درج کیا گیا۔ پٹپڑ گنج میں 410، بوانہ اور سیری فورٹ میں 408-408 اور اوکھلا فیز-2 میں 405 اے کیو آئی درج ہوا۔