دہلی شہر

دہلی میں گریپ-2 نافذ، میٹرو 40 اضافی چکر لگائے گی

نئی دہلی(یو این آئی) دہلی اور قومی راجدھانی خطے میں فضائی معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) ‘انتہائی خراب’ زمرے میں پہنچنے کے بعد پیر کو فوری طور پر گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کا دوسرا مرحلہ (گریپ-2) نافذ کر دیا گیا ہے۔آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح پر قابو پانے اور سڑکوں پر نجی گاڑیوں کا دباؤ کم کرنے کے مقصد سے دہلی میٹرو نے اضافی چکر چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے مطابق، لوگوں کو نجی گاڑیوں کے بجائے عوامی ٹرانسپورٹ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ترغیب دینے کے لیے منگل سے کام کے دنوں میں 20 اضافی چکر لگائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی میٹرو نیٹ ورک پر اضافی چکروں کی کل تعداد بڑھ کر 40 ہو جائے گی، جس سے مسافروں کو مصروف اوقات میں آسان آمد و رفت کی سہولت ملے گی۔
گریپ-2 کی شقوں کے تحت راجدھانی میں کئی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ہوٹلوں، ریستورانوں اور ڈھابوں میں کوئلے اور لکڑی سے چلنے والے تنوروں کے استعمال پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہنگامی اور ضروری خدمات کو چھوڑ کر آلودگی کے اخراج کو قابو کرنے والے آلات کے بغیر ڈیزل جنریٹروں کے استعمال پر بھی پابندی رہے گی۔