دیوالی کے موقع پر ریکھا گپتا کی جانب سے صاف ستھری اور ترقی یافتہ راجدھانی بنانے کی اپیل
نئی دہلی، (یواین آئی) دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے دیوالی کے مقدس موقع پر ریاست کے باشندوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خوشی، امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کی دعا کی ہے۔محترمہ گپتا نے ہفتہ کے روز کہا کہ دیوالی صرف دیوں اور روشنی کا تہوار نہیں بلکہ امید، اعتماد، اپنائیت اور نئے عزم کا تہوار بھی ہے۔ یہ تہوار ہمیں خوشحالی کے ساتھ خدمت، تعاون اور سماجی ذمہ داری کا پیغام بھی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی ان کا پریوار ہے اور اس پریوار کے ہر فرد کی بہتر زندگی، محفوظ مستقبل اور عزت ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے وکست بھارت کے عزم سے تحریک حاصل کرتے ہوئے حکومت وکست دہلی کی تعمیر کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ترقی کا فائدہ سماج کے آخری فرد تک پہنچے اور دہلی جدید سہولیات، صاف ستھرے ماحول، مضبوط بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی مواقع کے ساتھ ملک کی سرکردہ راجدھانی بنے۔
انہوں نے دہلی کے باشندوں سے دیوالی ماحول دوست اور محفوظ طریقے سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے مقررہ معیارات کے مطابق گرین پٹاخوں کے استعمال کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ صاف ہوا کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن اس میں شہریوں کی شراکت بھی اتنی ہی اہم ہے۔ دہلی میں عوامی نقل و حمل کو مضبوط بنانے کے لیے میٹرو کی توسیع کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ میٹرو کے فیز-5 (اے) میں 16.076 کلومیٹر طویل تین نئے کوریڈوروں کی منظوری اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اس کے علاوہ دہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی-2026 کے ذریعے صاف ستھرے اور صفر اخراج والے ذرائع نقل و حمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اس سال 70 لاکھ پودے لگانے کا ہدف عبور کر لیا ہے اور اب ان پودوں کو محفوظ رکھتے ہوئے درختوں کی شکل میں پروان چڑھانے کا عزم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد دہلی کو جدید سہولیات، مضبوط بنیادی ڈھانچے اور بہتر معیار زندگی والی وکست راجدھانی بنانا ہے۔ وزیراعظم کے وکست بھارت-2047 کے وژن کے مطابق دہلی ماسٹر پلان-2047 کے ذریعے راجدھانی کی منصوبہ بند ترقی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ اس کے تحت رہائش، نقل و حمل، بازاروں، دیہاتوں اور غیر مجاز کالونیوں کی ترقی کے ساتھ غریب خاندانوں کو باعزت رہائش فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ دریائے یمنا کی صفائی، سیور نظام کو جدید بنانے، صاف پینے کے پانی کی فراہمی اورپانی جمع ہونے کے مسئلے کے حل کے لیے بھی بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی اقتصادی خودمختاری اور بیٹیوں کا روشن مستقبل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ دہلی لکشمی اسکیم کے ذریعے اہل خواتین کو ہر ماہ 2,500 روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی پہل کی جا رہی ہے۔ وہیں دہلی لکھپتی بٹیا اسکیم کے ذریعے بیٹیوں کی پیدائش سے لے کر ان کی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم تک مالی تحفظ یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کا مطلب صرف بڑے منصوبوں کی تعمیر نہیں بلکہ ہر خاندان کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ اسی مقصد سے ”جہاں جھگی، وہاں مکان” کے جذبے کے مطابق نئی بازآبادکاری پالیسی نوٹیفائی کی گئی ہے، جس کے تحت اہل جھگی مکینوں کو پختہ مکانات فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
