دہلی شہر

سورۂ فلق اور سورۂ ناس اللہ تعالیٰ کی پناہ اور حفاظت کا عظیم پیغام ہیں: فلاح الدین فلاحی

جماعت اسلامی ہند، لکشمی نگر یونٹ کے زیرِ اہتمام درسِ قرآن کا انعقاد، سورۂ فلق اور سورۂ ناس کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند، لکشمی نگر یونٹ کے زیرِ اہتمام کڑکڑڈوما کورٹ مسجد میں درسِ قرآن کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں امیرِ مقامی فلاح الدین فلاحی نے سورۂ فلق اور سورۂ ناس کا ترجمہ و تفسیر پیش کرتے ہوئے ان دونوں سورتوں کی اہمیت، افادیت اور پیغام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سورۂ فلق اور سورۂ ناس ایک ہی دور میں نازل ہونے والی سورتیں ہیں، اسی لیے انہیں ’’معوذتین‘‘ کہا جاتا ہے، یعنی وہ دو سورتیں جن کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر نماز میں ان سورتوں کی تلاوت کرتے ہیں، لیکن افسوس کہ اکثر اوقات ان کے معانی اور مفاہیم سے ناواقف رہتے ہیں، حالاں کہ یہ دونوں سورتیں اللہ تعالیٰ کی پناہ اور حفاظت طلب کرنے کی عظیم دعائیں ہیں۔
فلاح الدین فلاحی نے سورۂ فلق کی آیت ’’قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ اے نبی! کہہ دیجیے کہ میں صبح کے رب کی پناہ مانگتا ہوں۔ جب کوئی انسان کسی کی پناہ میں آتا ہے تو اس کی حفاظت کی ذمہ داری اس پر عائد ہوتی ہے جس کی پناہ حاصل کی گئی ہو۔ لہٰذا جب بندہ اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرتا ہے تو وہ اپنے آپ کو اپنے رب کے سپرد کر دیتا ہے اور اسی سے ہر طرح کے شر اور نقصان سے حفاظت کا طالب ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سورۂ فلق میں اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ مخلوقات کے شر، رات کی تاریکی میں پھیلنے والی برائیوں، جادو کرنے والوں کے شر اور حسد کرنے والوں کے حسد سے پناہ مانگنے کی تعلیم دی گئی ہے۔ رات کی تاریکی میں پیش آنے والے جرائم، چوری، ڈکیتی اور دیگر خطرات سے حفاظت کی دعا بھی اسی سورت کا اہم مضمون ہے۔ اسی طرح گرہوں میں پھونک مارنے والوں کے شر سے پناہ مانگنے کا ذکر جادو ٹونے جیسی برائیوں سے اللہ کی حفاظت طلب کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں سورتیں مکہ کے اس دور میں نازل ہوئیں جب اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مخالفت اور اذیت رسانی میں شدت آچکی تھی۔ حالات ایسے دشوار تھے جیسے کسی بھیڑ کے چھتے میں ہاتھ ڈال دیا ہو۔ ایسے حالات میں اللہ تعالیٰ نے اپنے فرشتے حضرت جبرئیلؑ کے ذریعے یہ سورتیں نازل فرمائیں، جو نبی کریم ﷺ اور اہلِ ایمان کے لیے تسلی، حوصلے اور اللہ تعالیٰ کی پناہ پر کامل بھروسے کا عظیم پیغام تھیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان سورتوں کو محض زبانی پڑھنے تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ ان کے مفہوم کو سمجھ کر اللہ تعالیٰ پر کامل اعتماد اور بھروسہ پیدا کرنا چاہیے۔ ان کی تلاوت کے ذریعے بندہ اپنے آپ کو اللہ کے حوالے کرتا ہے اور ہر طرح کے ظاہری و باطنی شر سے اس کی حفاظت کا طالب بنتا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر رکنِ جماعت واثق امام نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر رکنِ جماعت محمد اسلم، امیدوارِ رکن حفِظ الرحمٰن، تبلیغی جماعت کے امیر نعیم الدین صاحب، امیرِ مقامی اور دیگر متعدد افراد موجود تھے۔