جماعت اسلامی ہند حلقہ کا دو روزہ اجتماع ارکان اختتام پذیر
قرآن کی دعوت کو عام کرنے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی اپیل
نئی دہلی،،پریسریلیز،ہمارا سماج: جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی کا دو روزہ اجتماع ارکان مرکز جماعت اسلامی ہند واقع مسجد اشاعت اسلام کے بیسمنٹ میں اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع کے دوسرے دن مختلف علمی، فکری اور تنظیمی نشستوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں قرآن کی تعلیمات، حدیث کی روشنی میں سماجی ذمہ داریوں، ہندوستانی مسلمانوں کی ترقی و تمکین اور تحریک کے کارکنوں کا معاشرے میں کردار جیسے اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز ڈاکٹر شفیق احمد اصلاحی کے درسِ تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ اس کے بعد ظہور احمد کی کنوینرشپ میں دوسری نشست منعقد ہوئی، جس میں حافظ مطلوب احمد نے ’’امر بالمعروف و نہی عن المنکر‘‘ کے موضوع پر درسِ حدیث پیش کیا۔ اس کے بعد ’’ہندوستانی مسلمانوں کی ترقی و تمکین‘‘ کے موضوع پر پینل ڈسکشن منعقد ہوا۔ اس نشست کی نظامت ڈاکٹر عرفان وحید نے کی، جبکہ عرفان احمد، انوارالحق بیگ، محمد آصف اقبال، شارق انصر اور ڈاکٹر فاطمہ تنویر نے بحیثیت شرکا اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ گفتگو میں ہندوستانی مسلمانوں کی تعلیمی، سماجی اور معاشی صورت حال، انہیں درپیش چیلنجز اور معاشرے میں ان کے مؤثر کردار کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تیسری نشست کے کنوینر انیس الرحمن ندوی تھے۔ اس نشست میں ’’تحریک کے کارکن اور سماج‘‘ کے موضوع پر پینل ڈسکشن منعقد ہوا، جس کی نظامت بھی جناب انیس الرحمن ندوی نے کی۔ اس میں محترمہ صبیحہ خانم، محترمہ عالیہ آصف، مریم فردوس، مولانا ارشد سراج مکی اور حارث نیازی نے شرکت کی۔ شرکا نے معاشرے کے درمیان تحریک کے کارکنوں کی ذمہ داریوں اور سماجی تبدیلی کے عمل میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن ڈاکٹر حسن نے صدارتی تبصرہ پیش کیا۔ اس موقع پر حلقہ جماعت کے سکریٹری زاہد حسین نے میقاتی رپورٹ پیش کی، جس میں تنظیمی سرگرمیوں اور مختلف کاموں کی تفصیلات بیان کی گئیں۔ اجتماع کا اختتامی سیشن نمازِ ظہر کے بعد سراج احمد فلاحی کی کنوینرشپ میں شروع ہوا۔ اس موقع پر سوال و جواب کی کھلی نشست منعقد ہوئی۔
جس میں شرکا نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے اور ان کے جوابات دیے گئے۔ پروگرام کے آخری مرحلے میں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند دہلی جناب محمد سلیم اللہ خان نے ’’زادِ راہ‘‘ پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا ایک نئے نظام اور حقیقت کی تلاش میں ہے۔ دنیا نے بادشاہت، کمیونزم، سرمایہ دارانہ نظام، لبرلزم اور جمہوریت سمیت مختلف نظریات اور نظام ہائے حکومت کو آزمایا ہے، لیکن اس کے باوجود انسان آج بھی بے چینی اور مسائل سے دوچار ہے۔ اب جمہوریت کے ماہرین بھی اس کی موجودہ صورت اور حدود پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ڈارون، کارل مارکس اور ارسطو جیسے مفکرین کے نظریات سے لے کر جدید سائنسی اور تکنیکی ترقی کے مختلف مراحل سے گزر چکی ہے۔ آج مشین اور مصنوعی ذہانت کے دور میں انسان ایک نئے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں اسلام کے پاس انسانیت کے لیے ایک ایسا پیغام اور مکمل نظام موجود ہے، جو انسان کو اس کے خالق، مقصدِ زندگی اور حقیقی ذمہ داریوں سے واقف کراتا ہے۔
جناب محمد سلیم اللہ خان نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے جس امت کی تشکیل کی تھی، اس نے اللہ کی کتاب کی دعوت کو قبول کیا اور اسی دعوت کے ذریعے دنیا میں ایک عظیم انقلاب برپا کرکے دکھایا۔ قرآن آج بھی انسانیت کو روشنی فراہم کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ قرآن میں بیان کردہ حقائق پر آج سائنسی دنیا میں بھی گفتگو ہو رہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان قرآن کی دعوت کو سمجھیں اور پوری ذمہ داری کے ساتھ اسے انسانوں تک پہنچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سماجی خصوصیت یہ ہے کہ ہم ایک تنظیم اور تحریک کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔ ہم اس مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں جو رسول اللہ ﷺ کا مشن تھا۔ دنیا جس حقیقی انقلاب اور تبدیلی کی منتظر ہے، ہم اس کے علمبردار ہیں۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ ہم خود کو ایک منظم اور ذمہ دار امت کی حیثیت سے دنیا کے سامنے پیش کریں۔
انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور قرآن کی روشنی کو اپنے کردار اور عملی زندگی میں عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وہ روشنی خود جلانی ہوگی اور قرآن کی دعوت کو لے کر لوگوں کے درمیان جانا ہوگا۔ ہماری کامیابی اسی میں ہے کہ ہم اپنے رب کو راضی کرنے اور اس کے دین کو قائم کرنے کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے مختلف حصوں میں بے چینی، اضطراب اور عدم استحکام کا ماحول ہے۔ لوگ ایک ایسے نظام کی تلاش میں ہیں جو انہیں حقیقی سکون، عدل اور انصاف فراہم کرسکے۔ ایسے میں مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن کی دعوت اور سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی میں انسانیت کے سامنے اسلام کا پیغام پیش کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والی صدی اسلام کی صدی ہوگی اور اس مقصد کے حصول کے لیے تحریک کے ہر کارکن کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے سرگرم کردار ادا کرنا ہوگا۔
دو روزہ اجتماع ارکان کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ کارکنان قرآن کی دعوت، تنظیمی استحکام اور سماجی ذمہ داریوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی کوششوں کو مزید مؤثر بنائیں گے۔
