ریاستی خبریں

گروگرام میں 100 الیکٹرک بسوں کا آغاز، سات شہروں میں مزید 450 بسیں چلائی جائیں گی

گروگرام، 29 نومبر (یو این آئی) ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے ہفتہ کو گروگرام میں 100 الیکٹرک بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی اور سیکٹر 48 میں 17 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر جدید ای بس ڈپو کا افتتاح کیا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ آلودگی اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے نجی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔
انہوں نے بتایا کہ آخری منزل تک آمدورفت کی سہولت بہتر بنانے کے لیے سات شہروں میں جلد ہی 450 مزید چھوٹی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ ریاست کے تمام ضلعی صدر مقامات تک الیکٹرک بس خدمات پہنچانے کے ساتھ چارجنگ اور دیکھ بھال کا بنیادی ڈھانچہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گروگرام میٹرو کے 5,500 کروڑ روپے کے 28.5 کلومیٹر طویل کوریڈور پر بھی کام جاری ہے اور اس کا پہلا 160 ٹن وزنی یو گرڈر نصب کر دیا گیا ہے۔

پی ایم ای بس سیوا اسکیم کے تحت 100 نئی بسیں شامل ہونے سے گروگرام میٹروپولیٹن سٹی بس لمیٹڈ کے بیڑے میں بسوں کی تعداد 150 سے بڑھ کر 250 ہوگئی ہے۔ سینی کے مطابق، 2018 میں صرف 25 بسوں سے شروع ہونے والی یہ سروس اب دس گنا وسعت اختیار کر چکی ہے۔