راہل نے یومِ آئین پر آئین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا
پرینکا گاندھی نے اہلِ وطن کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آئین ہر ہندوستانی کا حفاظتی حصار ہے
نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے یومِ آئین کے موقع پر کہا ہے کہ ہندوستان کا آئین صرف ایک کتاب نہیں بلکہ ملک کی روح ہے اور ہر شہری کے وقار، انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کا محافظ ہے۔مسٹر گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ آئین ہر آواز کی طاقت ہے اور یہی ملک کی جمہوریت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی کے خلاف آئین ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔انہوں نے کہاکہ ”یومِ آئین کے موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہر حال میں اس کی حفاظت کریں گے اور ہر ہندوستانی کے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یومِ آئین کے موقع پر اہلِ وطن کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین ہر ہندوستانی کا حفاظتی حصار ہے، جو آزادی، مساوات، انصاف اور اخوت کی ضمانت دیتا ہے اور ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔محترمہ گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں آئین کی تشکیل کرنے والے عظیم مجاہدینِ آزادی، شہیدوں، انقلابیوں اور آئین ساز اسمبلی کے معزز ارکان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے اہلِ ملک سے آئین اور جمہوریت کے تحفظ کا عہد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سبھی کو مل کر اس کی حفاظت کرنی چاہیے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا کہ دستور کو بامعنی بنانے والے اہم ترین حقوق میں سے ایک، حقِ رائے دہی پر برسر اقتدار حکومت نے حملہ کیا ہے۔ دستور پر حملے کے خلاف کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی قیادت میں آج لکھنؤ میں دستور بچاؤ مارچ منعقد کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن مسٹر کھرگے کو مارچ نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے اسے بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے دستور کے تئیں بے احترامی اور عدم توجہی کا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ کانگریس ملک کے ہر حصے میں دستور کے تحفظ کے لیے مارچ جاری رکھے گی، جب تک دستوری اقدار اور جمہوری عمل کی پاکیزگی بحال نہیں ہو جاتی۔
