ہندوستان کو تیز گیند بازوں کے انتخاب کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا
کرائسٹ چرچ، 26 نومبر (یو این آئی) ہندوستان جمعہ سے ہیگلے اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں اپنی گیند بازی کے انتخاب سے متعلق الجھن دور کرنے اور عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی مہم کو دوبارہ پٹری پر لانے کی کوشش کرے گا۔
ویلنگٹن میں کھیلا گیا ابتدائی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد 2 میچوں کی سیریز 0-0 سے برابر ہے۔ ایسے میں کپتان شبھمن گل اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو تیز گیند بازی کے شعبے کی تشکیل کے حوالے سے اہم فیصلے کرنے ہوں گے، کیونکہ ہندوستان پہلے میچ میں اپنی برتری کو جیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
محمد سراج کی ممکنہ واپسی، آکاش دیپ کی جگہ اور گرنور برار کو ٹیسٹ میں ڈیبیو کرانے کا امکان ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کے سامنے انتخاب سے متعلق اہم سوالات میں شامل ہیں۔
ہندوستان کے تیز گیند بازوں کو ویلنگٹن میں سخت محنت کرنی پڑی، جہاں جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، پرسدھ کرشنا اور انشل کمبوج نے مجموعی طور پر 182 اوور پھینکے۔ ٹیم انتظامیہ کو یہ فیصلہ کرنے سے پہلے ان کی فٹنس اور تازگی کا جائزہ لینا ہوگا کہ آیا اسی امتزاج کو برقرار رکھا جائے یا اس میں تبدیلی کی جائے۔
سراج کا تجربہ اور نئی گیند سے گیند کو حرکت دینے کی صلاحیت ٹیم کے گیند بازی کے شعبے کو مضبوط بنا سکتی ہے، خاص طور پر ہیگلے اوول میں، جہاں روایتی طور پر تیز گیند بازوں کو مدد ملتی ہے۔ دوسری طرف، اگر ہندوستان گیند بازی میں ایک نئے تیز گیند باز کو شامل کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو گرنور ایک اور متبادل فراہم کرتے ہیں۔
گیند بازی کا کام کافی بھاری رہا: بمراہ نے 49 اوور، پرسدھ کرشنا اور انشل کمبوج نے 45-45 اوور جبکہ آکاش دیپ نے 43 اوور پھینکے۔ ہندوستان ان چاروں کو برقرار رکھے گا یا سراج یا برار کو ٹیم میں شامل کرے گا، اس کا انحصار تجربے، موجودہ فارم اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی ضرورت کے درمیان توازن پر ہوگا۔
ہیگلے اوول کا ریکارڈ تیز گیند بازوں کے حق میں ہے۔ اس میدان پر کھیلے گئے مردوں کے 15 ٹیسٹ میچوں میں تیز گیند بازوں نے مجموعی طور پر 484 میں سے 444 وکٹ حاصل کیے ہیں، یعنی تقریباً 92 فیصد وکٹ تیز گیند بازوں کے حصے میں آئے ہیں۔ اس سے 4 تیز گیند بازوں پر مشتمل ٹیم کی تشکیل ایک مضبوط امکان بن جاتی ہے، اگرچہ ٹیم انتظامیہ اس گروپ میں تبدیلی پر بھی غور کر سکتی ہے۔
ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کو پوری طرح آؤٹ کرنے میں ہندوستان کی ناکامی کے بعد انتخاب کا یہ سوال خاص طور پر اہم ہو گیا ہے۔ پہلی اننگز میں خاطر خواہ برتری حاصل کرنے کے باوجود، جب پچ پر بلے بازی آسان ہو گئی تو مہمان ٹیم کو حریف پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑی۔
ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 720 رن بنا کر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور 352 رن کی برتری حاصل کی تھی۔ تاہم نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں کافی عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا، 120 اوور تک بلے بازی کی اور 5 وکٹ پر 239 رن بنا کر ہندوستان کو جیت سے محروم کر دیا۔
ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے میچ کے آخری 43 اوور تک اپنے وکٹ محفوظ رکھتے ہوئے بلے بازی کی اور ہندوستانی گیند بازوں کو ناکام بنانے میں اہم رول ادا کیا۔میچ ڈرا ہونے کے سبب ہندوستان کو ابتدائی ٹیسٹ سے 4 پوائنٹ ملے اور 2025-27 کے ڈبلیو ٹی سی مرحلے میں اس کا پوائنٹس فیصد 50 رہا، جس کے ساتھ وہ درجہ بندی میں چوتھے مقام پر ہے۔ نیوزی لینڈ 66.67 پوائنٹس فیصد کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔
