عالمی خبریں

شمالی یمن میں لاکھوں افراد بھوک اور بنیادی سہولتوں کی کمی کا شکار

صنعا، 29 نومبر (یواین آئی): نارویجن ریفیوجی کونسل کے سربراہ یان ایگلینڈ نے کہا ہے کہ یمن کے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول شمالی علاقوں میں دو کروڑ سے زیادہ افراد بنیادی انسانی امداد سے محروم ہیں، جبکہ لاکھوں لوگوں کو شدید بھوک کا سامنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کے ان علاقوں میں انسانی بحران کی شدت کے باوجود امدادی سرگرمیاں ضرورت کے مقابلے میں انتہائی محدود ہیں۔صنعا میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو انٹرویو دیتے ہوئے یان ایگلینڈ نے کہا کہ شمالی یمن کی صورت حال حکومت کے زیرِ انتظام جنوبی علاقوں سے یکسر مختلف ہے۔ ان کے مطابق جنوبی علاقوں میں متعدد بین الاقوامی امدادی ادارے سرگرم ہیں، لیکن شمالی علاقوں میں ان تنظیموں کی موجودگی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن کے تمام علاقوں میں انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے، تاہم امدادی تنظیمیں مالی وسائل کی شدید قلت سے دوچار ہیں۔ اپنے طویل امدادی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے یان ایگلینڈ نے کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ ضرورت مند افراد کی تعداد اتنی زیادہ ہو اور ان کی مدد کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اتنی کم ہوں۔رپورٹ کے مطابق حوثیوں اور سعودی قیادت والے اتحاد کی حمایت یافتہ حکومت کے درمیان جاری جنگ نے یمن کو دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں شامل کر دیا ہے۔ حوثیوں نے 2014 میں دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرلیا تھا اور اس وقت وہ ملک کے بیشتر شمالی علاقوں پر قابض ہیں، جہاں یمن کی آبادی کا ایک بڑا حصہ آباد ہے۔