حدبندی کے معاملے پر اشوک گہلوت کی مرکزی حکومت اور بی جے پی پر تنقید
جے پور، 29 نومبر (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں جلد بازی میں حدبندی بل لا رہی ہے، جس کا مقصد ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مستقل حکمرانی قائم کرنا اور انتخابات کو محض رسمی کارروائی بنا دینا ہے۔اپوزیشن رہنما ٹیکارام جولی نے بھی کہا کہ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 850 تک بڑھانے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
گہلوت نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کس سمت جائے گا، اس کا کسی کو اندازہ نہیں ہے۔ اس سنگین معاملے پر ملک بھر میں قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب کابینہ میں اس سلسلے کی تجویز ایک دن پہلے منظور کی گئی اور بل بھی ارکان پارلیمنٹ کو رات گئے بھیجا گیا، تو انہیں اسے پڑھنے اور سمجھنے کا وقت کب ملے گا۔انہوں نے 2011 کی مردم شماری کو حدبندی کی بنیاد بنانے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے اور مردم شماری کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا سکتا ہے۔ حکومت کا ہدف 2027 کی مردم شماری ہے تو پھر نئے اعداد و شمار کا انتظار کیوں نہیں کیا جا رہا؟
گہلوت نے کہا کہ اگر حکومت خواتین کا ریزرویشن نافذ کرنا چاہتی ہے تو اسے حدبندی کے نام پر جلد بازی نہیں کرنی چاہیے۔ آسام میں ہونے والی حدبندی اور راجستھان کے شہری بلدیاتی اداروں کی حدبندی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت پورے ملک میں اسی طرز کی حدبندی کرنا چاہتی ہے، تاکہ بی جے پی طویل عرصے تک اقتدار میں برقرار رہ سکے۔
