ریاض کے مالیاتی مرکز پر ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری بار حملہ، 11 افراد زخمی
ریاض، (یواین آئی): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس عمارت میں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کا مرکزی دفتر بھی واقع ہے۔ حملے میں دو سعودی شہریوں اور دو ہندوستانیوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تین عینی شاہدین نے بتایا کہ منگل کو نامعلوم سمت سے آنے والا ایک گولہ ریاض کے کاروباری اور مالیاتی مرکز میں واقع بلند عمارت سے ٹکرایا۔ سعودی سول ڈیفنس نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ مالیاتی مرکز کے ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سول ڈیفنس کے مطابق زخمیوں میں دو سعودی شہری، دو ہندوستانی، تین نیپالی اور چار مصری باشندے شامل ہیں۔ متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں اور انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے۔سعودی قیادت میں یمن کے حوثیوں کے خلاف لڑنے والے فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ تاہم سعودی حکام نے حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں اور نہ ہی کسی گروہ نے تازہ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ 19 نومبر کو بھی ریاض کے اسی مالیاتی مرکز میں واقع پی آئی ایف ٹاور کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس سے عمارت کی متعدد منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔تقریباً 385 میٹر بلند یہ عمارت سعودی عرب کی اہم ترین مالیاتی تنصیبات میں شمار ہوتی ہے۔ یہ خودمختار سرمایہ کاری فنڈ کا صدر دفتر ہے، جو ولی عہد محمد بن سلمان کے معاشی ترقی کے منصوبوں میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔
