ریاستی خبریں

تمل ناڈو کے سابق وزیر انبل مہیش کی ضمانت عرضی پر سماعت 27 نومبر تک ملتوی

چنئی،  (یو این آئی) مدراس ہائی کورٹ نے 400 کروڑ روپے کے پرائیویٹ اسکول کی منظوری اور شناختی گھوٹالے میں گرفتار دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے) کے سینئر رہنما اور تمل ناڈو کے سابق وزیر تعلیم انبل مہیش پویاموژی کی ضمانت عرضی پر سماعت منگل کو 27 نومبر تک ملتوی کردی۔جسٹس لکشمی نارائنن نے دفاعی وکیل کی اس دلیل سے اتفاق کیا کہ پولیس کی جانب سے خصوصی عدالت میں مزید حراست کی درخواست دائر کیے جانے کے باوجود ضمانت عرضی پر الگ سے سماعت کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔ دفاع نے پینکریاٹائٹس، وزن میں شدید کمی اور پلیٹ لیٹس کی تعداد گھٹنے سمیت طبی وجوہات کی بنیاد پر ضمانت مانگی۔ عدالت نے استغاثہ کی دلیلیں سننے کے لیے معاملے کی اگلی سماعت 27 نومبر مقرر کردی۔

دریں اثنا، چنئی کرائم برانچ پولیس نے انبل مہیش اور دو دیگر ملزمین، سابق رکن اسمبلی وی متھو کمار اور ڈرائیور سروانن کی دو روزہ پولیس حراست کی درخواست خصوصی عدالت میں دائر کی ہے۔انبل مہیش کو 26 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کی ضمانت عرضی خصوصی عدالت نے 10 نومبر کو مسترد کردی تھی، جس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

الزام ہے کہ 2021 سے 2026 کے دوران وزیر تعلیم رہتے ہوئے انہوں نے مستقل منظوری اور قانونی اجازت ناموں کے عوض ایک ہزار سے زیادہ نجی اسکولوں کی انتظامیہ سے ‘پارٹی فنڈ’ کے نام پر غیر قانونی طور پر رقم وصول کی۔ پولیس کے مطابق اس معاملے میں مبینہ وصولی کی رقم 400 کروڑ روپے سے تجاوز کرسکتی ہے۔ اس معاملے میں مجموعی طور پر سات افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔