قومی خبریں

حدبندی کو ہتھیار بنا کر انتخابی حلقوں کا نقشہ تبدیل کرنا چاہتی ہے بی جے پی: راہل

نئی دہلی، 28 نومبر (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حدبندی کو ہتھیار بنا کر لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 543 سے بڑھا کر 850 کرنا چاہتی ہے، تاکہ انتخابی حلقوں کو اپنے سیاسی مفادات کے مطابق تبدیل کرکے اپوزیشن جماعتوں، درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کی نمائندگی کو متاثر کیا جا سکے۔مسٹر گاندھی نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی پہلے ہی انتخابات میں ووٹوں کی چوری کر رہی ہے اور اب اس نے اس مقصد کے لیے ایک نیا راستہ نکالنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 850 کرنا جمہوریت کو ختم کرنے کے بی جے پی کے منصوبے کی علامت ہے اور اس سے اسے ملک کے انتخابی حلقوں کا نقشہ اپنی سہولت کے مطابق دوبارہ تیار کرنے کی وسیع آزادی مل جائے گی۔انہوں نے کہا، بی جے پی اب بھی انتخابات میں دھاندلی کر سکتی ہے، لیکن اب ملک جانتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہو رہی ہے۔ ہمارے سروے کے مطابق ملک کے 80 فیصد لوگوں اور تقریباً 100 فیصد جین زی کا ماننا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار انتخابات میں ووٹوں کی چوری کرتے ہیں۔
اور اب انہوں نے اس سے بچ نکلنے کا نیا راستہ تلاش کیا ہے۔مسٹر گاندھی نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے 14 کروڑ رائے دہندگان کو اب نااہل قرار دیتے ہوئے ووٹر لسٹ سے خارج کر دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر الیکشن کمیشن کے مطابق یہ رائے دہندگان سرے سے موجود ہی نہیں تھے یا ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں تھے تو 2024 کے لوک سبھا انتخابات کو جائز کیسے قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے اس سوال کا جواب طلب کیا ہے، لیکن اب تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
مسٹر گاندھی نے حدبندی کی مجوزہ نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ فی الحال لوک سبھا میں 543 نشستیں ہیں اور بی جے پی انہیں بڑھا کر 850 کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 543 نشستوں کے اندر بھی انتخابی حلقوں کی حدود میں تبدیلی کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا سکتی ہے، لیکن نشستوں کی تعداد 850 کرنے سے بی جے پی کو اس سے کہیں زیادہ بڑا موقع مل جائے گا۔ اس سے وہ اپنے سیاسی مفاد کے مطابق انتخابی حلقوں کو تقسیم کرنے، جوڑنے، رائے دہندگان کو ایک حلقے سے دوسرے حلقے میں منتقل کرنے اور اپوزیشن رہنماؤں کے اثر و رسوخ والے علاقوں کی ساخت تبدیل کرنے کے قابل ہو جائے گی۔

انہوں نے جموں و کشمیر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ایک انتخابی حلقے میں 26 لاکھ اور دوسرے میں 19 لاکھ رائے دہندگان ہیں۔ انہوں نے آسام کے انتخابی حلقوں کی ساخت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض حلقوں کے حصے جغرافیائی طور پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے بھی نہیں ہیں۔ ان کے مطابق انتخابی حلقوں کی ایسی ساخت بی جے پی کے سیاسی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے اور اسی طرح ملک کے دیگر حصوں میں بھی کیا جا سکتا ہے۔