قومی خبریں

اتر پردیش میں تیار کردہ برہموس سےڈرا پاکستان : یوگی

گونڈہ، 27 نومبر (یو این آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اتر پردیش میں تیار ہونے والے برہموس میزائل سے خوف زدہ پاکستان باپ باپ چلا رہا ہے۔ ریاست اب پسماندہ ریاست نہیں رہی، بلکہ اس کی معیشت تین گنا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور اب نوجوان ملازمت تلاش کرنے کے بجائے دوسروں کو روزگار فراہم کرنے والے بن رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے جمعہ کو گونڈہ کے شہید اعظم سردار بھگت سنگھ انٹر کالج کے احاطے میں سوامی وویکانند ڈیجیٹل پروگرام کے تحت دیوی پاٹن ڈویژن کے 47 ہزار طلبہ و طالبات میں ٹیبلٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیوی پاٹن ڈویژن کی تاریخ شاندار رہی ہے۔ شراوستی بھگوان بدھ اور لو کش کی سرزمین ہے۔ یہ بہادروں کی ایسی سرزمین رہی ہے جس نے حملہ آوروں کو شکست سے دوچار کیا ہے۔یوگی نے کہا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ 2017 سے پہلے گونڈہ ملک کے سب سے زیادہ گندے شہروں میں شامل تھا۔ دیوی پاٹن ڈویژن کی سڑکیں سب سے زیادہ خراب تھیں اور فی کس آمدنی بھی انتہائی کم تھی۔ ڈویژن کے چاروں اضلاع کو ترقی کے اعتبار سے پسماندہ اضلاع میں شامل کیا گیا تھا۔ بی جے پی حکومت بننے کے بعد وہ چھٹی مرتبہ اس ڈویژن کے دورے پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے اس ڈویژن کو 36 ہزار کروڑ روپے دیے ہیں۔ گونڈہ میں میڈیکل کالج، بلرام پور میں ماں پاٹیشوری کے نام پر یونیورسٹی اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے نام پر میڈیکل کالج قائم کیا گیا ہے۔
تھارو برادری کے لیے ایک عجائب گھر بھی کھولا گیا ہے۔ شراوستی میں ہوائی سروس شروع ہونے سے اس علاقے کی آمد و رفت کی سہولت مزید بہتر ہوگی۔سابقہ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے گزشتہ حکومتوں کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ تقرری نامے تقسیم کیے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کے بجائے ان کے سامنے مشکلات کھڑی کیں اور ریاست کو ‘ایک ضلع، ایک مافیا’ کا نظام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سماجوادی پارٹی کی حکومت میں دیسی کٹوں اور بموں کا خوف تھا، جبکہ اب ریاست میں تحفظ اور ترقی کا ماحول ہے۔ انہوں نے نعرہ لگایا، ‘نہ کرفیو، نہ فساد، اتر پردیش میں سب چنگا۔’