قومی خبریں

ہندوستانی بحریہ کا جنگی جہاز آئی این ایس سورت عمان پہنچ گیا

ہندوستان اور عمان کی بحری افواج کے درمیان ہونے والی دو طرفہ سمندری مشق 'نسیم البحر' کے 15ویں ایڈیشن میں حصہ لے گا

نئی دہلی،  (یو این آئی) ہندوستانی بحریہ کا جنگی جہاز آئی این ایس سورت اتوار کو عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گیا، جہاں وہ ہندوستان اور عمان کی بحری افواج کے درمیان ہونے والی دو طرفہ سمندری مشق ‘نسیم البحر’ کے 15ویں ایڈیشن میں حصہ لے گا۔ اس کے بعد دونوں ملکوں کی بحری افواج مشترکہ گشت بھی کریں گی۔

وزارت دفاع نے پیر کو بتایا کہ سمندری مشق کے دوران بندرگاہ اور سمندر میں مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ ان میں ایک دوسرے کے جنگی جہازوں کا دورہ، فوجی افسران کے درمیان بات چیت اور کھیلوں کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے دونوں ملکوں کی بحری افواج کو اپنے تجربات اور بہترین طریقہ کار ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی باہمی تال میل اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔

آئی این ایس سورت کی مسقط آمد ہندوستان اور عمان کے درمیان مضبوط سمندری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی سمت میں ایک قدم ہے۔ یہ حکومت کے ‘مہاساگر’ کے تصور کے عین مطابق ہے۔اس دورے سے گزشتہ سال نومبر 2025 میں منعقدہ مشترکہ فوجی تعاون کمیٹی کے 13ویں اجلاس کے دوران طے پانے والے اتفاق رائے کو آگے بڑھانے کا بھی موقع ملے گا۔