پرتاپ گڑھ میں گیس سلنڈر رسنے کے باعث لگی آگ سے میاں بیوی جھلسے
پرتاپ گڑھ، (یو این آئی) اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع کے نگر کوتوالی علاقے میں گیس سلنڈر سے لگی آگ میں میاں بیوی بری طرح جھلس گئے۔پولیس نے پیر کو بتایا کہ گزشتہ دیر رات کجیانہ کے رہنے والے موتی لال گپتا کے بیٹے سندیپ گپتا اور ان کی اہلیہ گیس سلنڈر سے گیس رسنے کے باعث لگی آگ کی زد میں آکر بری طرح جھلس گئے۔ آگ لگتے ہی آس پاس کے لوگوں نے اسے بجھانے کی کوشش کی، لیکن آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔
آگ میں جھلسنے والے سندیپ گپتا اور ان کی اہلیہ کو ایمبولینس کی مدد سے ضلع اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد ڈاکٹروں نے دونوں کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں پریاگ راج ریفر کر دیا۔
