اتراکھنڈ تحریک کے جاں باز شہیدوں کووزیر اعلیٰ دھامی کا خراج عقیدت
دہرہ دون (یو این آئی) اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے پیر کو ریاست کے یومِ تاسیس کے موقع پر دہرہ دون میں کچہری احاطے میں واقع شہید یادگار پر پھول چڑھا کر ریاستی تحریک کے جاں باز شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے الگ اتراکھنڈ ریاست کے قیام کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتراکھنڈ ریاست کا قیام تحریک چلانے والوں کی طویل جدوجہد، قربانیوں اور ایثار کا نتیجہ ہے۔ ریاستی تحریک میں خواتین، نوجوانوں، طلبہ، سابق فوجیوں سمیت سماج کے تمام طبقات نے اہم کردار ادا کیا۔ سب کی مشترکہ جدوجہد اور عزم کے نتیجے میں الگ اتراکھنڈ ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے قیام کے لیے اپنی عظیم قربانی پیش کرنے والے جاں باز شہیدوں کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
مسٹر دھامی نے کہا کہ ریاستی حکومت تحریک کاروں کے جذبات اور خواہشات کے مطابق اتراکھنڈ کو خوشحال، مضبوط اور خود کفیل ریاست بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ریاست کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کے ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانا اور نقل مکانی روکنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا یومِ تاسیس ہمیں اپنی شاندار جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی یافتہ اتراکھنڈ کی تعمیر کے عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے شہیدوں کے خوابوں کے مطابق اتراکھنڈ کی تعمیر ہی ان کے لیے ہمارا حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔
اس موقع پر کابینی وزیر کھزان داس، سکریٹری یوگل کشور پنت، ضلع مجسٹریٹ دہرہ دون ڈاکٹر آشیش چوہان اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرمیندر ڈووال موجود تھے۔
