قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
نئی دہلی (یواین آئی) قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے ہندوستان اور ویتنام کے درمیان سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ویتنامی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی ہے۔وزارت خارجہ نے منگل کو بتایا کہ مسٹر ڈوبھال پیر سے ویتنام کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے ویتنام کے وزیر سلامتی اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن جنرل لُوونگ تام کوانگ سے ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے امن و قانون، سائبر سلامتی، سمندری سلامتی اور اقتصادی سلامتی کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے ساتھ ہی ان شعبوں میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
مسٹر ڈوبھال نے ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور صدر تو لام سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے انہیں نیک خواہشات پیش کیں۔ اس کے علاوہ مسٹر ڈوبھال نے ویتنام کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع جنرل فان وان جیانگ اور وزیر خارجہ لے ہوئی چُنگ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنما ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہیں۔
قومی سلامتی کے مشیر نے ہنوئی میں واقع تاریخی کوان سُو پگوڈا کا بھی دورہ کیا۔ یہ ویتنام کی قومی بدھسٹ ایسوسی ایشن کا صدر دفتر ہے۔ہندوستان اور ویتنام کے درمیان 2027 میں سفارتی تعلقات کے قیام کے 55 سال مکمل ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان ہندوستان۔ویتنام اعلیٰ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
