قومی خبریں

جمعیۃ علماء ہند کے سابق آرگنائزر مولانا طاہر مظاہری کا انتقال

نئی دہلی،،سماج نیوز سروس: جمعیۃ علماء ہند کے سابق آرگنائزر مولانا محمد طاہر مظاہری طویل علالت کے بعد اپنے آبائی وطن شہزاد پور میں 81 سال کی عمر میں مالکِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم تقریباً 45 سال جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی دفتر سے وابستہ رہے اور اپنی زندگی کے قیمتی ایام دینی و ملی تحریکات کی خدمت میں گزار دیے۔مرحوم نے قرآن مجید کی تعلیم اپنے والد گرامی حضرت قاری شبیر احمد صاحبؒ سے حاصل کی اور مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور سے دورہ ٔحدیث مکمل کیا۔ 1976 میں دفتر جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ ہوئے اور 2020میں خرابیٔ صحت کے باعث پنشن پر سبکدوش ہوئے۔ان کی زندگی کا ایک اہم اور قابلِ قدر باب ہماچل پردیش اور پنجاب میں جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے دینی مکاتب کا قیام اور ان کا فروغ ہے۔ ایک زمانہ ایسا بھی تھا جب ان علاقوں میں مسلم شناخت رکھنے والے افراد کی آمد و رفت آسان نہیں تھی۔ ایسے دشوار گزار حالات میں پہلے مولانا ظہیر عالم قاسمیؒ اور بعد ازاں مولانا محمد طاہر مظاہریؒ نے غیر معمولی عزم و حوصلے کے ساتھ ان علاقوں کے پہاڑوں اور دشوار گزار راستوں کو عبور کیا اور سیکڑوں مکاتب کی نگرانی کی۔ بلاشبہ ان کی یہ مخلصانہ جدوجہد اور دینی خدمات ان کے لیے صدقۂ جاریہ ثابت ہوں گی، ان شاء اللہ۔مولانا مرحوم کے وصال پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر مرکزی مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند کے رکن مولانا محمد عاقل صدر جمعیۃعلماء مغربی یوپی کی قیادت میں ایک وفد آج شہزاد پور پہنچا جہاں وفدنے مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور ان کے صاحبزادگان سمیت دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ وفد میں جمعیۃ علماء ضلع سہارن پور کےصدر مولاناگلفام ،ناظم مولانا سرتاج قاسمی، مولانا محمد عرفان رشیدی صدر جمعیۃ علماء قصبہ دیوبند وناظم قاری دلشاد، مولانا عثمان خورشیدی،مولانا اطہر حقانی وغیرہ بھی شامل تھے۔جمعیۃعلماء ہند کے قائدین نے مرحوم کے اہلِ خانہ، متعلقین اور تمام پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی دینی و ملی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین