پرنائک کی شاہ سے اروناچل کے سرحدی علاقوں کی ترقی اور سلامتی پر بات چیت
ایٹا نگر، (یواین آئی) اروناچل پردیش کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) کے ٹی پرنائک نے اتوار کو یہاں لوک بھون میں مرکزی وزیر داخلہ و امدادِ باہمی امیت شاہ سے ملاقات کی اور سرحدی ریاست کی ترقیاتی ترجیحات اور چیلنجوں پر تبادلۂ خیال کیا۔اس موقع پر پرنائک نے امیت شاہ کے ریاستی دورے اور یہاں کے عوام سے بات چیت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی موجودگی شمال مشرقی خطے کی ترقی، سلامتی اور فلاح و بہبود کے تئیں مرکزی حکومت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ امیت شاہ کے اروناچل پردیش کے تین روزہ دورے کا اتوار کو آخری دن تھا۔
گورنر نے ریاست کے دشوار گزار جغرافیائی حالات، دور دراز علاقوں میں واقع بستیوں، طویل بین الاقوامی سرحد اور اس کی تزویراتی اہمیت سے وابستہ چیلنجوں کی جانب وزیر داخلہ کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے سرحدی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، آمد و رفت اور رابطے کی سہولتوں میں بہتری لانے، حفاظتی انتظامات کو مستحکم کرنے اور دور دراز و سرحدی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے لیے مرکزی حکومت کے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
پرنائک نے اروناچل پردیش پولیس کو باوقار صدارتی پولیس کلر عطا کیے جانے پر بھی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسے ریاست کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پولیس فورس کی کئی نسلوں کی بہادری، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف ہے۔
انہوں نے ریاست کے حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے میں وزیر داخلہ کی حوصلہ افزائی اور تعاون کی ستائش کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ مرکزی حکومت کی مسلسل رہنمائی سے اروناچل پردیش میں امن، سلامتی اور جامع ترقی کی کوششوں کو مزید رفتار ملے گی۔
دریں اثنا، امیت شاہ نے لوک بھون کے سامنے واقع باغیچے میں ہندوستانی صندل (سینٹلم البم) کا پودا لگایا۔ یہ شجرکاری لوک بھون کی سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ سے متعلق مہم کے تحت کی گئی۔ اسے ماحولیاتی تحفظ، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی وسائل کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی علامت قرار دیا گیا۔
