قومی خبریں

صدر جمہوریہ مرمو نے کہا کہ سمندری راستوں کا تحفظ ممالک کی معیشت اور عام لوگوں کی زندگی سے براہ راست وابستہ ہے

نئی دہلی، 28 نومبر (یواین آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ سمندری راستوں کا تحفظ ممالک کی اقتصادی خوشحالی اور عام لوگوں کی روزمرہ زندگی سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔صدر جمہوریہ نے ہفتہ کو کیرلم کے ایژیمالا میں واقع انڈین نیول اکیڈمی میں آٹم ٹرم 2026 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ بحری جہازوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ سے ضروری اشیا کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے اور ان کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔محترمہ مرمو نے ہندوستانی کوسٹ گارڈ اور دوست ممالک کے زیر تربیت کیڈٹس سمیت تربیت مکمل کرنے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں بڑی تعداد میں نوجوان خواتین کی موجودگی باعث فخر ہے۔ ان کی کامیابیاں دوسری نوجوان خواتین کو بڑے خواب دیکھنے اور ملک کی خدمت میں چیلنجنگ ذمہ داریاں سنبھالنے کی ترغیب دیں گی۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کی ایک دوسرے سے مربوط دنیا میں سمندری خطے کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ عالمی تجارت کا ایک بڑا حصہ سمندری راستوں کے ذریعے انجام پاتا ہے۔ ایسے میں سمندری راستوں کا تحفظ صرف جہازوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کے اثرات ممالک کی معیشت اور عام شہریوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کیڈٹس سے کہا کہ سمندر میں ان کی خدمات کا تعلق خشکی پر رہنے والے لوگوں کی زندگی سے ہے۔ یہ خدمات لوگوں کے تحفظ، خوشحالی اور فلاح و بہبود میں براہ راست تعاون کرتی ہیں۔محترمہ مرمو نے کہا کہ نوجوان کیڈٹس کی دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور حساسیت ہندوستانی بحریہ کے کردار کا تعین کرے گی۔ سمندر میں انہیں خراب موسم، طویل مدت تک تعیناتی اور غیر یقینی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایسے میں انہیں کئی مرتبہ دباؤ کے درمیان مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کا مطلب صرف احکامات دینا نہیں بلکہ ذمہ داری اٹھانا، اپنے عمل سے مثال قائم کرنا اور ساتھیوں کے ساتھ کھڑے رہنا بھی ہے۔صدر جمہوریہ نے یقین ظاہر کیا کہ کیڈٹس کی تربیت، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور ان کا عزم انہیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرے گا۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی بحریہ کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وردی ایک ارب سے زیادہ ہندوستانیوں کے اعتماد اور امیدوں کی علامت ہے۔