آئی ایف ایف آئی گوا 2026 کے ویوز بازار میں اسٹارٹ اَپ کمپنیوں کو ملے گا عالمی پلیٹ فارم
نئی دہلی، (یو این آئی) اطلاعات و نشریات کی وزارت نے فلم اور اس سے متعلقہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی اسٹارٹ اَپ کمپنیوں کو بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی)، گوا 2026 کے دوران منعقد ہونے والے ویوز بازار میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔
اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ہفتہ کے روز بتایا کہ اس سلسلے میں ویو ایکس اسٹارٹ اَپ پویلین کے لیے رجسٹریشن اور پویلین کی بکنگ شروع کر دی گئی ہے۔ اس پہل کا مقصد اختراعات اور نئی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والی اسٹارٹ اَپ کمپنیوں کو قومی اور بین الاقوامی فلم و میڈیا انڈسٹری کے سامنے اپنی مصنوعات، ٹیکنالوجی اور حل پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔اس کے ذریعے اسٹارٹ اَپ کمپنیوں کو فلم سازوں، پروڈکشن ہاؤسز، سرمایہ کاروں اور عالمی تخلیقی صنعت سے وابستہ افراد کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔
اس پہل کے تحت فلم اور اس سے متعلقہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی وہ ہندوستانی اسٹارٹ اَپ کمپنیاں درخواست دینے کی اہل ہوں گی، جو محکمہ برائے فروغ صنعت و داخلی تجارت (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ درخواستوں کی جانچ اور جائزہ ویو ایکس کی جانب سے تشکیل دی گئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ منتخب اسٹارٹ اَپ کمپنیوں کو ویوز بازار میں اپنی اختراعات اور مصنوعات کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔وزارت نے اہل اور دلچسپی رکھنے والی اسٹارٹ اَپ کمپنیوں سے اس موقع سے فائدہ اٹھانے اور درخواستیں جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔ رجسٹریشن فارم اور تفصیلی معلومات کے لیے ویوز بازار کی ویب سائٹ wavex.wavesbazaar.com پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مزید معلومات کے لیے wavex-mib[at]gov.in پر ای میل بھی بھیجی جا سکتی ہے۔
