انڈین کلینری انسٹی ٹیوٹ کے بی بی اے اور ایم بی اے کورسز کو جے این یو سے منظوری ملے گی
نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) وزارت سیاحت کے تحت انڈین کلینری انسٹی ٹیوٹ (آئی سی آئی) کے بی بی اے اور ایم بی اے کورسز کو جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) سے منظوری حاصل ہوگی۔وزارت سیاحت نے بتایا کہ اس سلسلے میں بدھ کے روز یہاں دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ اس کے تحت آئی سی آئی سے بی بی اے اور ایم بی اے کے کورسز کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے والے طلبہ کو جے این یو ڈگری عطا کرے گی۔وزارت نے کہا کہ ایم او یو پر جے این یو کی وائس چانسلر شانتی شری دھولی پوڈی پنڈت اور انڈین کلینری انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر گیان بھوشن نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کیے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت اور وزارت سیاحت کے سکریٹری بھونیش کمار موجود تھے۔آئی سی آئی میں چلائے جانے والے بی بی اے (کلینری آرٹس اینڈ فوڈ بزنس) اور ایم بی اے (کلینری مینجمنٹ) کورسز کا مقصد ہوٹل، مہمان نوازی اور اس سے متعلقہ صنعتوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق ہنرمند شیف اور پیشہ ور افراد تیار کرنا ہے۔ ان کورسز کے ذریعے طلبہ کو فوڈ بزنس اور مہمان نوازی کے شعبے سے متعلق ضروری ہنر، علم اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایسے ماہرین تیار کرنے پر زور دیا جاتا ہے جو ہوٹلوں اور ریستورانوں کی منفرد شناخت قائم کرنے اور ان کی خدمات کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔وزارت سیاحت کے مطابق، آئی سی آئی کے ان کورسز کو جے این یو سے منظوری آئندہ تعلیمی سیشن سے نافذ ہونے کی توقع ہے۔ اس اشتراک سے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھیں گے اور کورس مکمل کرنے کے بعد روزگار اور پلیسمنٹ کے امکانات کو تقویت ملے گی۔ اس سے ہندوستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی طلبہ کے لیے پیشہ ورانہ مواقع میں اضافے کی امید ہے۔
