خواتین کے ریزرویشن کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ دور کریں گے: مودی
نئی دہلی، 28 نومبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ ان کی حکومت پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کی شرکت بڑھانے کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرے گی۔پارلیمنٹ میں پیر کو حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل پیش کیے جانے سے پہلے مسٹر مودی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں کہا کہ خواتین کی شرکت بڑھانے کی جدوجہد کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی برسوں سے اس سمت میں کوشش کرنے والوں میں شامل رہے ہیں۔ کئی خواتین ان کے سامنے یہ معاملہ اٹھاتی رہی ہیں اور بہنوں نے خط لکھ کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کی مخالفت کرنے والی جماعتیں ملک کی خواتین کو ان کا حق حاصل کرنے سے نہیں روک پائیں گی۔مسٹر مودی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ملک کی 100 فیصد خواتین کی دعائیں اور آشیرواد ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ملک کی خواتین کو یقین دلایا کہ خواتین کے ریزرویشن کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو ختم کیا جائے گا۔
