ریاستی خبریں

دیوالی پر نشے کی لت سے جان گنوانے والے نوجوانوں کی یاد میں دیپ جلانے کی اپیل

چنڈی گڑھ، (یو این آئی) پنجاب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر کیول سنگھ ڈھلوں نے دیوالی اور بندی چھوڑ دیوس کے موقع پر ہفتے کو ریاست اور ملک کے عوام کو مبارکباد دی اور لوگوں سے تہواروں کی خوشیاں معاشرے کے ہر طبقے بالخصوص ضرورت مندوں کے ساتھ بانٹنے کی اپیل کی۔مسٹر ڈھلوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی اور بندی چھوڑ دیوس اندھیرے پر روشنی، برائی پر نیکی اور مایوسی پر امید کی فتح کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشے کے مسئلے نے پنجاب کی نوجوان نسل کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ نشے کی وجہ سے کئی ماؤں نے اپنے بیٹے کھوئے ہیں اور ہزاروں خاندانوں کے گھروں کے چراغ بجھ گئے ہیں۔ انہوں نے ہر پنجابی سے اپیل کی کہ اس دیوالی پر اپنے گھر میں نشے کی وجہ سے جان گنوانے والے نوجوانوں کی یاد میں ایک خصوصی دیپ جلائیں۔ ساتھ ہی خدا سے دعا کریں کہ پنجاب سے نشے کا اندھیرا ختم ہو اور کسی ماں کو نشے کی وجہ سے اپنا بچہ نہ کھونا پڑے۔انہوں نے لوگوں سے نشے سے پاک، صحت مند اور خوشحال پنجاب کی تعمیر کا اجتماعی عزم کرنے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور باہمی محبت اور اتحاد کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے پنجاب کی ‘چڑھدی کلا’ (ترقی و بلندی)، امن اور خوشحالی کی تمنا بھی کی۔