رائے پور، 27 نومبر (یو این آئی) چھتیس گڑھ حکومت نجی کوچنگ اداروں کی من مانی پر قدغن لگانے اور طلباء کے مفادات کے تحفظ کے لیے نیا قانون لانے کی تیاری کر رہی ہے۔محکمہ سے آج موصولہ اطلاع کے مطابق مجوزہ قانون کے تحت طلباء کے بیچ میں پڑھائی چھوڑنے پر کوچنگ اداروں کو بقیہ مدت کی فیس تناسب کے حساب سے واپس کرنی ہوگی۔ ریاست میں طلباء سے من مانی فیس کی وصولی، نامکمل معلومات اور غیر محفوظ تعلیمی ماحول سے جڑی شکایات کے پیشِ نظر حکومت نے کوچنگ اداروں کو جوابدہ بنانے کی سمت میں پہل کی ہے۔
مجوزہ نظام سے طلباء کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ والدین پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت اگر کوئی طالب علم ایک سالہ کورس کے لیے 60 ہزار روپے جمع کراتا ہے اور چار ماہ بعد پڑھائی چھوڑ دیتا ہے، تو متعلقہ کوچنگ ادارے کو بقیہ آٹھ ماہ کی فیس کی مد میں 40 ہزار روپے واپس کرنے ہوں گے۔ کوچنگ اداروں کو داخلے سے قبل طلباء اور والدین کو فیس کے ڈھانچے اور پڑھائے جانے والے مضامین کی مکمل معلومات فراہم کرانی ہوگی۔ میڈیکل، انجینئرنگ، پبلک سروس کمیشن، بینکنگ سمیت مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کرانے والے اداروں کو مجوزہ قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔
ریاستی حکومت کا مجوزہ نظام مرکزی حکومت کے مثالی رہنما خطوط سے زیادہ سخت ہوگا۔ مرکزی حکومت نے 50 سے زائد طلباء والے کوچنگ اداروں کی رجسٹریشن کا التزام کیا ہے، جبکہ چھتیس گڑھ میں 20 یا اس سے زائد طلباء والے اداروں کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی کرنے کی تیاری ہے۔ اس سے چھوٹے کوچنگ ادارے بھی ضابطہ جاتی نظام کے دائرے میں آئیں گے۔
طلباء کی ذہنی صحت، حوصلہ افزائی اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر کوچنگ ادارے میں کاؤنسلنگ (مشاورت) کا انتظام کرنے کی شق رکھی گئی ہے۔ ہراسانی سے متعلق معاملات کی سماعت کے لیے الگ شکایتی ازالہ نظام وضع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ طلباء اور والدین کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن کا انتظام ہوگا، جس کے ذریعے فیس، تحفظ اور ہراسانی سے متعلق شکایات درج کرائی جا سکیں گی۔
کوچنگ اداروں کی نگرانی کے لیے دو سطحی نظام قائم کرنے کی تجویز ہے۔ ریاستی سطح پر چیف سیکریٹری کی صدارت میں اتھارٹی جبکہ ضلعی سطح پر کلکٹر کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ مجوزہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کوچنگ اداروں پر 10 ہزار روپے سے لے کر پانچ لاکھ روپے تک کا مالی جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ہی ان کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی کارروائی کا بھی التزام ہوگا۔