تریپورہ میں بی ایس ایف جوان کی اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگنے کے باعث موت
اگرتلہ، 28 نومبر (یواین آئی) تریپورہ کے ضلع دھلائی کے گنڈاچھڑا علاقے میں واقع ونسا پارا بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کیمپ میں ڈیوٹی کے دوران اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگنے کے باعث 35 سالہ جوان سنجیو کمار کی موت ہوگئی۔یہ واقعہ جمعہ کی رات تقریباً آٹھ بجے پیش آیا۔ واقعہ کن حالات میں پیش آیا، اس کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
مہلوک کی شناخت سنجیو کمار (35) کے طور پر ہوئی ہے، جو بی ایس ایف کی 154ویں بٹالین میں تعینات تھے۔بی ایس ایف سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات اس وقت پیش آیا، جب سنجیو کمار کیمپ میں ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگنے کے باعث ان کی موت ہوگئی۔ ابتدائی طور پر اگرچہ اس واقعے کو خودکشی کا معاملہ سمجھا جا رہا ہے، تاہم جوان کی موت کی اصل وجہ اور حالات کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
واقعہ کیسے پیش آیا اور اس کے پیچھے کیا وجوہات ہوسکتی ہیں، اس کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ خبر لکھے جانے تک بی ایس ایف حکام کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔ جوان کی اچانک موت سے کیمپ اور اس کے آس پاس کے علاقے میں تشویش کی فضا پائی جاتی ہے۔
