مہاراشٹرمیں دیوالی کی رات بھیانک آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک
دھاراشیو (یو این آئی) دیوالی کی رات ایک دردناک حادثے میں مہاراشٹر کے ضلع دھاراشیو کی تحصیل دھاراشیو کے یڈشی گاؤں میں ایک مکان میں رات تقریباً 2:30 بجے زبردست آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، گووند کارندے کے مکان میں آگ لگنے سے خاندان کے 6 افراد کی جان چلی گئی۔ مرنے والوں میں کارندے کے والدین، ان کی 2 بیٹیاں اور میاں بیوی شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل صبح تقریباً 4:20 بجے جائے وقوع پر پہنچے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے کالمب اور تلجاپور سے فائر بریگیڈ کی ٹیموں کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔
دریں اثنا، دیوالی کے موقع پر مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے کئی واقعات پیش آئے، جن میں سے بیشتر کے پیچھے پٹاخوں کو وجہ سمجھا جا رہا ہے۔ ان واقعات میں املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ویرار اور تھانے میں رہائشی عمارتوں میں آگ لگ گئی، جبکہ ممبئی کے بائیکلہ-ڈونگری علاقے میں کئی دکانیں بھی آگ کی زد میں آ گئیں۔ ان واقعات میں املاک کو کافی نقصان پہنچا۔پونے میں دیوالی کے دن فائر بریگیڈ کے کنٹرول روم کو آگ لگنے کے 81 واقعات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر واقعات پٹاخوں کی وجہ سے پیش آئے۔پونے فائر بریگیڈ کے مطابق، عملے نے تمام مقامات پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے ان واقعات میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
