یومِ قومی تعلیم کے موقع پر مانو ماڈل اسکول نوح میں شاندار تقریب کا انعقاد
محمد زاہد امینی
نوح،میوات،،سماج نیوز سروس: ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم،عظیم مجاہدِ آزادی،ممتاز مفکروبھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر مانو ماڈل اسکول، پلہ نوح میں یومِ قومی تعلیم کے تحت منعقد ہونے والے ہفتہ بھر کے مختلف تعلیمی،جسمانی اور ثقافتی پروگراموں کی اختتامی تقریب کو نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔گزشتہ کئی دنوں سے جاری ان تقریبات میں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ ان پروگراموں میں دوڑ، کبڈی، کھوکھو، جیولین تھرو، شاٹ پٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ سمیت متعدد کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے ساتھ ان میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، باہمی تعاون اور مسابقت کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔جسمانی کھیلوں کا انعقاد جناب آشد خان اور وسیم اختر کے ذریعہ عمل میں آئی۔اختتامی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ تقریب کی صدارت اسکول کے پرنسپل جناب پرویز خان نے کی،جب کہ مہمانانِ خصوصی میں جناب حارث خان اور پروفیسر ریاض احمد، پرنسپل کالج آف ٹیچر ایجوکیشن، نوح سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اسکول کے تمام اساتذہ اور عملے کی موجودگی نے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ کیا۔پروگرام کی نظامت اسکول کی2باصلاحیت طالبات نے نہایت خوش اسلوبی اور اعتماد کے ساتھ انجام دی۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے مختلف ثقافتی اور تفریحی پروگرام پیش کیے، جن میں سبق آموز ڈرامے، ننھے بچوں کے گروپ ڈانس اور دیگر دل چسپ پیشکشیں شامل تھیں۔بچوں کی پُرکشش پرفارمنس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور ان کی صلاحیتوں کو سراہنے پر مجبور کر دیا۔
تقریب کے دوران مولانا ابوالکلام آزاد کی علمی، ادبی، سیاسی اور تعلیمی خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مولانا آزاد نے آزاد ہندوستان کی تعلیمی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی علم، رواداری، قومی یکجہتی اور فکری آزادی کا روشن نمونہ ہے۔یومِ قومی تعلیم منانے کا اصل مقصد بھی نئی نسل میں تعلیم کی اہمیت، علمی شعور اور تعمیری فکر کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر اسکول کی ہیڈ مسٹریس محترمہ صادقہ زہرہ،آشد خان،وسیم اختر،لائبریرین محمد عابد،مقصود احمد و دیگر اساتذہ بھی موجود رہے۔تمام اساتذہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔بلاشبہ یہ تقریب محض ایک رسمی پروگرام نہیں تھی بلکہ طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے،ان میں تعلیمی و ثقافتی شعور بیدار کرنے اور مولانا آزاد کے افکار و نظریات کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک کامیاب کوشش تھی۔آخر میں قومی ترانے کے ساتھ اس شاندار تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔
