فریدآباد میں25 غریب خاندانوں کے آشیانے خاکستر- جمعیت علماء کارکنان متاثرین کی مدد کے لیے سرگرم
محمد زاہد امینی
نوح،میوات،،سماج نیوز سروس: فرید آباد کےمیوَلا مہراج پور علاقہ میں گذشتہ 8 نومبر کی شب تقریباً 3 بجے اچانک آگ لگنے سے محنت مزدوری کرکے زندگی گزارنے والے غریب خاندانوں کی 25 خاندانوں کی جھگیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ اس المناک حادثے میں لوگوں کے شناختی دستاویزات،ضروری کاغذات،گھریلو سامان اور زندگی بھر کی جمع پونجی سب کچھ جل کر راکھ ہوگیا۔ متاثرین کے پاس بدن پر موجود کپڑوں کے سوا کچھ باقی نہیں بچا تھا
اس المناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہمیشہ کی طرح جمعیت علماء ضلع فرید آباد حرکت میں آگئی ہے اورضلع صدرمولانا جمال الدین کی قیادت میں وفد مسلسل متاثرہ مقام پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لے رہا ہے اور متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے میں مصروف ہے۔
مولانا جمال الدین نے بھائی نعمت خان اور بھائی حسیب خان سے ملاقات کرکے متاثرہ خاندانوں کے حالات معلوم کیے۔ 10 اور 11 نومبر کو متاثرین کے لیے صبح و شام کھانے اور ناشتے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ضلع جمعیت علماء کی جانب سے کپڑے،برتن اور ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں، جبکہ متاثرین سے مسلسل رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ان کی رہائش اور آئندہ زندگی کی بحالی کے لیے عملی لائحۂ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔
امدادی وفد میں حضرت مولانا اشرف علی صاحب،حضرت مولانا عبد الستار ربانی صاحب، حاجی سردار خان صدر بڈکھل سبھاش چپرانہ، حاجی صیام الدین صاحب سمیت دیگر ذمہ داران شامل رہے۔اس موقع پر ضلع صدر مولانا جمال الدین نے کہا کہ جمعیت علماء ہند ہمیشہ مذہب و ذات پات کے امتیاز سے بالاتر ہوکر مصیبت زدہ انسانوں کی مدد کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے متاثرین کو حوصلہ دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ان شاء اللہ جمعیت علماء جلنے والی جھگیوں سے بہتر اور آرام دہ رہائش فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی، تاکہ متاثرہ خاندان دوبارہ عزت و اطمینان کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں اور
یہ کہ ایسے حادثات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ مصیبت کسی پر بھی آسکتی ہے اور لمحوں میں کسی کا گھر، آشیانہ اور زندگی بھر کی جمع پونجی برباد ہوسکتی ہے۔ ایسے نازک وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہی حقیقی انسانیت ہے۔آخر میں ضلع صدر مولانا جمال الدین صاحب نے تمام درد مند اور مخیر حضرات، خصوصاً ہندو مسلم بھائیوں سے اپیل ہے کہ سردی کے اس موسم میں کمبل، گرم کپڑے، راشن، ادویات اور دیگر ضروری سامان کے ذریعے ان بے سہارا مزدور خاندانوں کی مدد کے لیے آگے آئیں، تاکہ ان کے زخموں پر مرہم رکھا جاسکے اور اجڑی ہوئی زندگیوں کو دوبارہ سنوارنے میں تعاون مل سکے۔
