یکساں سول کوڈ ملک کی مذہبی آزادی اور مختلف مذاہب کی روایات کے لیے تشویش کا باعث
مہاراشٹر میں UCC کے خلاف رائے درج کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر -مسلمان آن لائن اپنی رائے درج کرانے میں تاخیر نہ کریں: مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کی اپیل
ممبئی ۔ ( پریس ریلیز ) حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے ریاست میں یکساں سول کوڈ (UCC) کے نفاذ کے سلسلے میں عوام سے آراء، تجاویز اور اعتراضات طلب کیے گئے ہیں۔ اس مقصد کے تحت ایک سوالنامہ جاری کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو اس مجوزہ قانون کے حوالے سے اپنا موقف اور تحفظات حکومت تک پہنچانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ یکساں سول کوڈ کا معاملہ ملک کے مذہبی و سماجی تنوع، مذہبی آزادی اور مختلف مذاہب کے عائلی قوانین سے گہرا تعلق رکھتا ہے، اسی لیے اس مسئلے پر مختلف مذہبی و سماجی حلقوں میں سنجیدہ بحث جاری ہے اور عوامی سطح پر بھی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے یکساں سول کوڈ (UCC) کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان ایک کثیر مذہبی، کثیر تہذیبی اور متنوع روایات کا حامل ملک ہے، جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے اپنے اپنے مذہبی عقائد، عبادات، عائلی قوانین اور تہذیبی روایات کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ ایسے ملک میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ مسلمانوں سمیت دیگر مذہبی طبقات کے لیے متعدد آئینی، مذہبی اور سماجی سوالات پیدا کرسکتا ہے۔ اس لیے اس مسئلے کو نہایت سنجیدگی اور دور اندیشی کے ساتھ سمجھنے کی ضرورت ہے۔جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر نے علماء کرام، ائمہ مساجد، دینی و ملی تنظیموں اور عوام سے 15 ؍ دسمبرسے قبل UCC سوالنامے میں اپنی رائے اور اعتراضات درج کرانے کی پُرزور اپیل کی ہے۔
مولانا ندیم صدیقی صاحب نے کہا کہ مسلمانوں کے عائلی معاملات، مثلاً نکاح، طلاق، خلع، وراثت، حضانت اور دیگر خاندانی امور اسلامی شریعت کے بنیادی احکام سے وابستہ ہیں۔ یکساں سول کوڈ کے ذریعے اگر تمام مذاہب کے عائلی قوانین کو ایک ہی قانونی نظام کے تحت لانے کی کوشش کی گئی تو اس سے مسلمانوں کو اپنے مذہبی احکام کے مطابق زندگی گزارنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اس موقع پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے جاری کردہ QR کوڈ اور آن لائن سوالنامے اور اس کے جوابات کی سہولت کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے UCC سوالنامے میں اپنی رائے اور اعتراضات درج کرانا ہر باشعور شہری کی اہم ذمہ داری ہے۔ اس سہولت کے ذریعے گھر بیٹھے چند منٹوں میں اپنی ذاتی معلومات درج کرکے سوالنامے کے جوابات جمع کرائے جاسکتے ہیں، جس سے عوام کی آراء متعلقہ سرکاری ریکارڈ تک پہنچ سکتی ہیں۔
انہوں نے علماء کرام، ائمہ مساجد، ائمہ و خطباء، مدارس کے ذمہ داران، دینی و ملی تنظیموں کے کارکنان، سماجی شخصیات اور تمام بیدار مغز شہریوں سے پُرزور اپیل کی کہ وہ اس مہم کو محض ایک رسمی کارروائی نہ سمجھیں، بلکہ اس کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تشہیر کریں، مساجد، مدارس، مکاتب، تعلیمی اداروں اور دیگر اہم عوامی مقامات پر QR کوڈ آویزاں کریں، جمعہ کے خطبات اور عوامی اجتماعات میں لوگوں کو اس کی اہمیت سے آگاہ کریں اور ہر فرد تک یہ پیغام پہنچائیں کہ وہ خود بھی اپنی رائے درج کرائیں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے کہا کہ15؍ دسمبر 2026ء اس سلسلے میں آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے، اس لیے آخری وقت کا انتظار کیے بغیر تمام مسلمان جلد از جلد سوالنامہ پُر کریں اور اپنے جائز اعتراضات و خدشات کو پُرامن، قانونی اور جمہوری طریقے سے حکومت کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خاموشی یا عدم توجہی کے سبب ہماری رائے سرکاری ریکارڈ تک پہنچنے سے رہ نہ جائے، اس لیے ہر شخص اپنی ذمہ داری محسوس کرے۔
