ریاستی خبریں

ریشم باڑی معاملے کا اہم ملزم برگر پولیس انکاؤنٹر میں گرفتار

رودرپور، 28 نومبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کے رودرپور میں ریشم باڑی چاقو زنی کے معاملے میں فرار چل رہے اصل ملزم شیوَم چندرا عرف برگر کو کوتوالی پولیس نے جمعہ کی دیر رات انکاؤنٹر کے دوران گرفتار کرلیا۔ انکاؤنٹر میں اس کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) منی کانت مشرا کے مطابق، چاقو زنی کے معاملے میں رودرپور کوتوالی میں 6 نامزد ملزمین کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ پولیس نے کل 2 ملزمین کو گرفتار کرلیا تھا۔ اہم ملزم شیوَم چندرا ساکن ریشم باڑی، رودرپور سمیت دیگر ملزمین فرار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ رودرپور کوتوالی پولیس کو اطلاع ملی کہ شیوَم رنگ روڈ پر چھپا ہوا ہے۔ پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے وہاں پہنچی تو اس نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس سے ملزم زخمی ہوگیا۔ ملزم کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے۔
آخرکار اسے سردار کے جھالے کی طرف جانے والے راستے سے گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کو علاج کے لیے ضلع اسپتال رودرپور لے جایا گیا۔ اس کے قبضے سے 315 بور کا ایک دیسی پستول، ایک خالی کارتوس اور ایک زندہ کارتوس برآمد ہوا ہے۔ پولیس ملزم کے مجرمانہ ریکارڈ کی بھی جانچ کررہی ہے۔
واضح رہے کہ 26 نومبر کی رات ریشم باڑی کے اہم راستے پر موٹر سائیکل کی چابی نکالنے پر انوج اور ونود کشیپ کے درمیان تنازع ہوگیا تھا۔ الزام ہے کہ اس کے بعد ونود کشیپ اپنے ساتھیوں کے ساتھ رام اوتار کے گھر پہنچا اور خاندان کے لوگوں کے ساتھ مارپیٹ اور گالی گلوچ کی۔
پولیس کے مطابق، بیچ بچاؤ کرنے آئے لوگوں پر چاقو سے حملہ کیا گیا، جس میں لیلا دھر کی ضلع اسپتال میں موت ہوگئی، جبکہ راہل سمیت دیگر لوگ زخمی ہوگئے۔ 6 نامزد ملزمین کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 103(1)، 191(3)، 118(1) اور 352 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس سبھاش (18) اور ونود کشیپ (19) کو پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔