ریاستی خبریں

رانچی پولیس کی بڑی کارروائی، پک اپ وین سے دو کوئنٹل گانجا برآمد، دو اسمگلر حراست میں

رانچی، 28 نومبر (یو این آئی) جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی کے تماڑ تھانہ علاقے کے ڈوڈیا موڑ کے قریب منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) اور رانچی پولیس کی مشترکہ ٹیم کو بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔چھاپہ ماری کرتے ہوئے ٹیم نے ایک پک اپ وین سے تقریباً دو کوئنٹل گانجا برآمد کیا ہے۔ گانجے کی یہ کھیپ اوڈیشہ نمبر کی پک اپ وین میں لدی ہوئی تھی۔ پولیس نے موقع سے گاڑی کے ڈرائیور سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ دونوں سے پوچھ گچھ کر کے اسمگلنگ کے پورے نیٹ ورک کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ این سی بی رانچی کی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اوڈیشہ سے گانجے کی بڑی کھیپ جمشید پور کے راستے تماڑ ہوتے ہوئے رانچی لائی جا رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی این سی بی افسران نے رانچی پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کا منصوبہ بنایا۔ اس کے بعد جمعہ کی دیر رات رانچی-جمشید پور ہائی وے پر نگرانی اور چھاپہ ماری مہم شروع کی گئی۔ اس مہم میں تماڑ تھانہ پولیس کی ٹیم بھی شامل تھی۔
اسی دوران کھونٹی کی جانب سے آ رہی اوڈیشہ نمبر کی ایک مشکوک پک اپ وین کو ڈوڈیا موڑ کے قریب روک کر تلاشی لی گئی۔ جانچ کے دوران گاڑی میں بھاری مقدار میں گانجا لدا ہوا ملا۔ اس کے بعد ٹیم نے گانجے کی کھیپ کو ضبط کر لیا اور گاڑی میں سوار دونوں افراد کو حراست میں لے لیا۔
تماڑ تھانہ انچارج نے گانجے کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً دو کوئنٹل گانجا پکڑا گیا ہے۔ اس کارروائی میں این سی بی کی ٹیم بھی شامل تھی۔ معاملے میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
فی الحال تحقیقاتی ٹیم حراست میں لیے گئے دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ پولیس اور این سی بی یہ پتہ لگانے میں مصروف ہیں کہ گانجے کی کھیپ اوڈیشہ میں کہاں سے لوڈ کی گئی تھی اور رانچی میں اس کی سپلائی کسے کی جانی تھی۔ ساتھ ہی اس غیر قانونی کاروبار میں شامل دیگر اسمگلروں اور اس کے پیچھے سرگرم نیٹ ورک کی بھی پڑتال کی جا رہی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ اس اسمگلنگ کے پیچھے کسی منظم گروہ کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔