پٹنہ، 31 مئی (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی صدر لالو پرساد یادو اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کے بڑے بیٹے تیج پڑتاپ یادو نے آج خاندانی اور سیاسی سازشوں کو بے نقاب کرنے سے متعلق خبردار کیا اور اپنے چھوٹے بھائی تیجسوی پرساد یادو کی حمایت کا اظہار کیا۔پارٹی اور خاندان سے نکالے جانے کے بعد تیج پڑتاپ یادو آج کل سوشل میڈیا پر ایکٹو رہ کر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ آج صبح، انہوں نے ایکس پر اپنے والدین، لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی کے لیے ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی ہے۔ اس پوسٹ میں تیج پڑتاپ نے اپنے والدین کو اپنی’پوری دنیا‘ بتایا تھا۔ تیج پڑتاپ نے والد لالو پرساد یادو کو جے چند سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ اب انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں مہابھارت سے لی گئی تصویر شیئر کی ہے اور خود کو شری کرشن اور تیجسوی کو ارجن بتایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ان کے ارجن یعنی بھائی تیجسوی یادو سے الگ کرنے کی سازش رچی جارہی ہے اور وہ جلد ہی اس کا پردہ فاش کریں گے۔ حالانکہ تیج پڑتاپ یادو نے کسی کا نام نہیں لیا ہے۔
تیج پڑتاپ نے لالو خاندان میں سازش کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے جلد ہی اس سازش کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تیج پڑ تاپ نے لکھا، ” میرے ارجن سے مجھے الگ کرنے کا خواب دیکھنے والو،تم اپنی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیںہوسکو گے، کرشن کی فوج تو تم لے سکتے ہو لیکن خود کرشن کو نہیں، میں جلد ہی ہر سازش کو بے نقاب کروں گا، بس میرے بھائی یقین رکھنا، میں ہر حال میں تمہارے ساتھ ہوں، فی الحال دور ہوں لیکن میرا آشیروادہمیشہ تمہارے ساتھ تھا اور رہے گا ۔ میرے بھائی ممی پاپا کا خیال رکھنا، جے چند ہر جگہ ہے اندر بھی اور باہر بھی “۔
اس سے قبل تیج پڑتاپ نے پارٹی اور خاندان سے نکالے جانے پر پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھاکہ ”میرے پیارے ممی پاپا… میری ساری دنیا صرف آپ دونوں میں ہی سمائی ہے۔ آپ اور آپ کا کوئی بھی حکم بھگوان سے بڑا ہے، اگر آپ ہیں تو میرے پاس سب کچھ ہے، مجھے صرف آپ کا اعتماد اور پیار چاہئے اور کچھ نہیں، پاپا اگر آپ نہ ہوتے تو نہ یہ پارٹی ہوتی اور نہ میرے ساتھ سیاست کرنے والے کچھ جے چند جیسے لالچی لوگ۔ بس ممی پاپا آپ دونوں ہمیشہ صحت مند اور خوش رہیں۔“