جالے،محمد رفیع ساگر : مقامی بلاک کے گرڑی باشندہ ولی امام بیگ عرف چمچم کو ایک بار پھر جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) تکنیکی و لیبر سیل بہار کا صوبائی جنرل سکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔ انہیں یہ عہدہ پارٹی کے صوبائی صدر انجینئر رام چرتر پرساد کے دستخط شدہ خط کے ذریعے تفویض کیا گیا۔ پارٹی کے تئیں ان کی مخلصانہ خدمات، تنظیمی صلاحیتوں اور متحرک کردار کو دیکھتے ہوئے انہیں دوبارہ اس عہدے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ولی امام بیگ کی نامزدگی پر انہیں مبارکباد دینے والوں کا تانتا لگ گیا۔ ناگیندر منڈل، راجیو یادو، سنی کمار ساہ، اطہر امام بیگ، منوج داس، اوما مہتا، راجکمار داس، محمد حیدر، محمد حسنین اور محمد آفاق سمیت کئی دیگر کارکنان اور حامیوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا دی۔پٹنہ میں منعقدہ تقریب میں نامزدگی کا لیٹر ملنے کے بعد صوبائی صدر و دیگر پارٹی عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ولی امام بیگ عرف چمچم نے کہا کہ پارٹی قیادت نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، میں اس پر ماضی کی طرح پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ جنتا دل یونائیٹڈ نے ہمیشہ سماج کے کمزور طبقات کے حقوق کے لیے کام کیا ہے، اور میں اپنے عہدے پر رہتے ہوئے پارٹی کے نظریات کو مزید مضبوطی سے عوام تک پہنچاؤں گا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور میں اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور محنت کے ساتھ نبھانے کے لیے پرعزم ہوں۔ان کی اس نامزدگی کے بعد پارٹی کارکنان میں جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے اور سبھی نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی مدت کار میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔