نئی دہلی، (یو این آئی) پارلیمانی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے کہا ہے کہ ہفتہ کو ختم ہوا بجٹ اجلاس تاریخی رہا ہے، لیکن اس اجلاس میں کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں پر خواتین مخالف ہونے کا جو داغ لگا ہے وہ کبھی نہیں مٹے گا اور مشتعل ملک کی خواتین اپنے حقوق چھیننے پر ان جماعتوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔مسٹر ریجیجو نے آج یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 16 اپریل سے شروع ہوئے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے تین روزہ توسیعی اجلاس میں ناری وندن ادھینیم (خواتین ریزرویشن بل) لایا گیا تھا، لیکن دو دن تک جاری رہنے والی بحث کے بعد کانگریس اور انڈیا اتحاد کی دیگر جماعتوں کے خواتین مخالف رویے کی وجہ سے اسے منظور نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے اس بل کی مخالفت کرنے پر اپوزیشن جماعتوں پر سخت حملہ کیا اور کہا کہ کانگریس کے ساتھ ساتھ جو بھی سیاسی جماعتیں خواتین کے حقوق چھیننے کے لیے اس بل کے خلاف کھڑی ہوئیں، انہیں ملک کی خواتین کبھی معاف نہیں کریں گی کیونکہ کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے یہ بہت بڑا گناہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بجٹ سیشن کا آخری دن تھا اور پورے بجٹ سیشن کے 81 دنوں کی مدت میں ایوان کی کل 31 نشستیں ہوئیں۔ 28 جنوری سے شروع ہونے والے اس سیشن کے آخری دن 18 اپریل تک اس کی کارکردگی (پروڈکٹیویٹی) تاریخی رہی ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد بجٹ سیشن میں مرکزی بجٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف وزارتوں اور محکموں سے متعلق مطالبات زر پر بحث کی گئی اور فنانس بل منظور کیا گیا۔ سیشن کا پہلا مرحلہ 13 فروری تک چلا اور دوسرا 9 مارچ کو شروع ہوا اور 2 اپریل تک جاری رہا۔ سیشن کا توسیعی تین روزہ اجلاس 16 اپریل سے شروع ہو کر آج ختم ہو گیا۔












