نئی دہلی،( یو این آئی ) انڈیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں میزبان ملک کی امیدوں کو شدید دھچکا لگا ہے جب ایچ ایس پرنئے اور سابق ورلڈ نمبر ون کدامبی سری کانت دوسرے راؤنڈ میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔اسٹار کھلاڑی ایچ ایس پرنئے کو سنگاپور کے آٹھویں سیڈ لوہ کین ییو کے خلاف ایک مشکل مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔پرنئے کو آٹھویں سیڈ سنگاپور کے لوہ کین یو نے 18-21، 21-19، 21-14 سے شکست دی۔ پرنئے پہلا گیم جیتنے کے باوجود برتری برقرار نہ رکھ سکے اور اگلے دو گیمز ہار گئے۔ دوسری جانب پانچویں سیڈ فرانس کے کرسٹو پوپوڤ نے سری کانت کو 21-14، 17-21، 21-17 سے مات دی۔ سابق عالمی نمبر ایک سری کانت نے دوسرا گیم جیت کر واپسی کی کوشش کی، مگر فیصلہ کن گیم میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اور میگا ایونٹ سے رخصت ہو گئے۔خواتین کے سنگلز مقابلوں میں بھی ہندوستان کے لیے نتائج اچھے نہ رہے۔خواتین سنگلز میں مالویکا بنسوڑ بھی شکست سے نہ بچ سکیں۔ انہیں پانچویں سیڈ ہان یوئی نے 21-18، 21-15 سے ہرایا۔واضح رہے کہ خواتین سنگلز میں ہندوستان کی سب سے بڑی امید پی وی سندھو پہلے ہی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔












