نئی دہلی، (یو این آئی) بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور جدید جنگ میں خلا کے بڑھتے ہوئے کردار کے درمیان، ہندوستان کی اعلیٰ دفاعی اور خلائی قیادت نے مضبوط، خود مختار اور مربوط خلائی صلاحیتوں کی فوری تعمیر کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انڈین اسپیس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جمعرات کو یہاں منعقدہ دو روزہ انڈین ڈیفنس اسپیس سمپوزیم کا مقصد ہندوستان کے دفاعی اور خلائی نظام کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔ اس میں وزارت دفاع، مسلح افواج، ڈیفنس اسپیس ایجنسی، پالیسی سازوں، پبلک سیکٹر یونٹس، اسٹارٹ اپس اور صنعتی رہنماؤں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سمپوزیم کے پہلے دن کا موضوع تجارتی خلائی آپریشنز: خطرات کا بندوبست اور فوجی استعمال تھا۔ اس میں عالمی تنازعات اور حریف ممالک کی خلائی صلاحیتوں سمیت ابھرتے ہوئے خطرات کے منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھا گیا کہ تجارتی خلائی شعبہ کس طرح فوجی نتائج پر اثر انداز ہو رہا ہے۔گفتگو کا بنیادی مرکز جدید جنگوں میں خلا کا کردار، اسٹریٹجک کمیونیکیشن، نیٹ ورک پر مبنی آپریشنز، اور مخصوص حالات میں خلا پر مبنی انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی (آر آئی ایس) پر رہا۔ سمپوزیم میں سینئر دفاعی اور صنعتی رہنماؤں نے ہندوستان کی فوجی خلائی صلاحیتوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور انضمام کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے تیزی سے ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ دفاعی تحقیق وترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کے چیئرمین ڈاکٹر سمیر وی کامت نے کہا، "خلا اب صرف معاون نہیں رہا۔ یہ وہ اہم شعبہ بن گیا ہے جو مستقبل کی جنگوں کے نتائج کا فیصلہ کرے گا۔”انہوں نے چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "ڈی آر ڈی او اور ملک کے لیے مقابلے میں آگے بڑھنا مشکل ہوگا، اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم پورے ملک کے نقطہ نظر سے کام کریں۔” تعاون اور خود انحصاری دونوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا، "کچھ شعبوں میں ٹیکنالوجی باہر سے حاصل کی جا سکتی ہے، لیکن کچھ شعبوں میں مقامی صلاحیتیں ناگزیر ہیں، اور ڈی آر ڈی او انہی شعبوں پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔” انہوں نے تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) پر کم اخراجات کا بھی ذکر کیا اور کہا، "آج ہم اپنی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کا صرف 0.65 فیصد اور دفاعی بجٹ کا صرف 5 فیصد تحقیق و ترقی پر خرچ کرتے ہیں۔ اگر ہمیں اپنے حریفوں کی برابری کرنی ہے تو اسے بڑھانا ہوگا۔”لیفٹیننٹ جنرل زوبین اے منوالا، ڈپٹی چیف (آپریشنز)، ہیڈ کوارٹر انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف نے تعاون کے طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا، "ہندوستان کو اپنی راہ خود طے کرنی ہوگی، جو رفتار، لچک اور نجی صنعت کے ذہین انضمام پر مبنی ہو۔ صرف ایک ایجنسی پر انحصار کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ ہمیں ایسا نظام بنانا ہوگا جہاں تمام اسٹیک ہولڈرز ایک دوسرے کے معاون بنیں۔” ادارہ جاتی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "ڈیفنس اسپیس ایجنسی نے مشترکہ فوجی خلائی نظریے اور ڈیفنس ویژن 2047 کے تحت طویل مدتی روڈ میپ تیار کیا ہے اور مستقبل میں یہ ایک مکمل طور پر فعال اسپیس کمانڈ بنے گا۔”سابق ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے نقطہ نظر میں بڑی تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا، "اب وقت آگیا ہے کہ ہم بڑا سوچیں، بڑے قدم اٹھائیں اور اصولوں کو بدلیں۔ اگر ہمیں معنی خیز نتائج چاہیے تو ہمیں پورے نظام کو بدلنا ہوگا۔” انہوں نے پرانے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ چیلنج ٹیکنالوجی نہیں ہے، بلکہ یہ ہے کہ ہم پرانے طریقوں سے تبدیلی نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جب کہ اب ہمارے پاس وقت نہیں ہے۔انہوں نے جوابدہی اور خود انحصاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، تین سال بعد ہمیں خود سے پوچھنا چاہیے کہ ہم نے کیا حاصل کیا۔ فوجی آپریشنز کے لیے ضروری اہم شعبوں میں تکنیکی خود مختاری لازمی ہے، اور یہ صرف ملک کے اندر سسٹمز کے ڈیزائن اور تیاری سے ہی ممکن ہے۔” انہوں نے اعتراف کیا کہ ہم اب بھی اہم ٹیکنالوجیز میں دوسروں پر انحصار اور اعلیٰ سطح کے مقامی سسٹمز کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے تمام تر توجہ مقامی ترقی پر ہونی چاہیے۔بھارتی ایئرٹیل کے چیف ریگولیٹری آفیسر اور انڈین اسپیس ایسوسی ایشن کے نائب صدر راہل وتس نے سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، "انڈین ڈیفنس اسپیس سمپوزیم دفاعی ضروریات اور صنعت کی صلاحیتوں کے درمیان تال میل کو سمجھنے کا ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب سیٹلائٹ کمیونیکیشن خدمات شروع کرنے کے دہانے پر ہے اور بطور ہندوستانی ان کا ماننا ہے کہ ہمیں اپنے سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم خود تیار کرنے چاہئیں۔












