نئی دہلی، (یو این آئی) حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مغربی ایشیا کے آبنائے ہرمز میں جن دو غیر ملکی جہازوں پر حملہ کیا گیا ہے، ان پر سوار تمام ہندوستانی ملاح محفوظ ہیں اور حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔دوسری جانب، رسوئی گیس (ایل پی جی) کی کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ملک بھر میں مہم جاری ہے، جس کے تحت اب تک 1.5 لاکھ سے زائد چھاپے مارے گئے ہیں اور 66,000 سے زائد سلنڈر قبضے میں لیے گئے ہیں۔ مغربی ایشیا کے بحران سے پیدا ہونے والی صورتحال کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے جمعرات کو یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں مختلف وزارتوں کے سینئر حکام نے کہا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے ملک میں خام تیل اور ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، لیکن ملک بھر میں کسی بھی پٹرول پمپ یا گیس ڈسٹری بیوشن ایجنسی نے سلنڈر یا خام تیل ختم ہونے کی اطلاع نہیں دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 41,000 پی این جی صارفین نے اپنے ایل پی جی کنکشن سرنڈر کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ یکم اپریل سے اب تک 17 لاکھ سے زائد 5 کلوگرام والے ایف ٹی ایل سلنڈر فروخت کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ مغربی ایشیا کے خطے سے اب تک 2,680 سے زائد ہندوستانی ملاحوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا گیا ہے، جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات سے لائے گئے 65 افراد بھی شامل ہیں۔ وزارت خارجہ اس خطے میں مقیم ہندوستانی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ پورٹس، شپنگ اور آبی گزرگاہوں کی وزارت نے خلیج فارس میں ہندوستانی جہازوں اور عملے کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات فراہم کیں۔وزارت کے سینئر افسر نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز میں غیر ملکی جہازوں پر فائرنگ کے کچھ واقعات پیش آئے ہیں جن میں ہندوستانی ملاح بھی موجود تھے۔ دونوں جہازوں پر سوار تمام ملاح محفوظ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یوفوریا ، جو پانامہ کے پرچم والا ایک کنٹینر جہاز ہے، اس پر 21 ہندوستانی ملاح سوار ہیں اور وہ سب محفوظ ہیں۔ اس کے علاوہ اپامینونڈاس نامی پانامہ کے پرچم والے کنٹینر جہاز پر ایک ہندوستانی ملاح سوار ہے جو کہ خیریت سے ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ خطے میں تمام ہندوستانی ملاح محفوظ ہیں اور حکومت پل پل کی خبر رکھ رہی ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ مغربی ایشیا کے بحران کے پیش نظر ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری روکنے کے لیے ملک بھر میں تادیبی کارروائیاں جاری ہیں۔ بدھ کے روز 2600 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے جس میں تقریباً 285 سلنڈر ضبط کیے گئے۔ مجموعی طور پر اب تک ملک بھر میں 1.5 لاکھ سے زائد چھاپے مارے جا چکے ہیں اور 66,000 سے زائد سلنڈر برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 1100 سے زائد ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور 255 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔












