ممبئی (یو این آئی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں شکستوں کا جائزہ لے گا۔ توقع ہے کہ ہفتہ کو ہونے والی اس میٹنگ میں کپتان روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کے مستقبل پر بھی بات ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز ہارنے کے بعد ہندوستان آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ختم ہوئی ٹیسٹ سیریز 1-3 سے ہار گیا تھا۔ ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر کی ناکامی کو شکست کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی موجودگی میں ہونے والی میٹنگ میں ٹیم کے اہم بلے باز روہت شرما اور کوہلی کو چیمپئنز ٹرافی میں خود کو ثابت کرنے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس کے بعد ٹیم میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان ہے۔
دریں اثنا ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان یہاں 25 جنوری کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اتوار سے شروع ہوگی۔تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن (ٹی این سی اے) نے ایک ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ کی قیمتیں 1500 روپے سے شروع ہوں گی۔
جس کی زیادہ سے زیادہ قیمت 12000 روپے رکھی گئی ہے۔ کرکٹ شائقین آن لائن پلیٹ فارم ‘ڈسٹرکٹ بائے زومیٹو موبائل ایپ یا آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے اپنے ٹکٹ بک کر سکتے ہیں۔
ایم اے چدمبرم گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے کار پارکنگ اور دو پہیہ گاڑیوں کی پارکنگ کلائیوانار آرنگم (ولاجاہ روڈ) پر دستیاب ہوگی جبکہ چیپاک ریلوے کار پارکنگ، وکٹوریہ ہاسٹل (وکٹوریہ ہاسٹل روڈ) اومنڈورار میڈیکل کالج کیمپس میں کار پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم کو پلاسٹک فری زون قرار دیا گیا ہے اور کوئی پلاسٹک بیگ یا کوئی دیگر پلاسٹک لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام اسٹینڈز پر عوام اور آن لائن خریداری کرنے والے صارفین کے لیے مفت پینے کا پانی دستیاب ہے۔ گیٹ پر بار کوڈ/کیو آر کوڈ کے ساتھ ای ٹکٹ کو اسکین کرکے داخلے کی اجازت ہوگی۔ انٹری گیٹ میچ سے دو گھنٹے قبل کھولے جائیں گے۔