سڈنی،(یو این آئی ) آسٹریلیا کے جارح مزاج آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس بگ بیش لیگ کے دوران دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر چوٹ لگنے کے باعث میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ یہ واقعہ آسٹریلوی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث ہے کیونکہ ورلڈ کپ کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔میلبورن اسٹارز اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے درمیان میچ کے دوران 15واں اوور میں جیمی اوورٹن کی ایک تیز رفتار اور اضافی باؤنس والی گیند اسٹوئنس کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر زور سے لگی۔ اسٹوئنس نے شدید تکلیف محسوس کی اور فزیو کے مشورے پر 23 رنز بنا کر میدان سے باہر چلے گئے۔اگرچہ ابتدائی طور پر اسے ایک بڑا خطرہ سمجھا جا رہا تھا، لیکن طبی معائنے کے بعد اسٹوئنس کو کسی سنگین خطرے سے کلئیر قرار دے دیا گیا ہے اور انہیں اسکین کی ضرورت نہیں پڑی۔ مارکس اسٹوئنس نے خود بھی پُرامید لہجے میں کہا ہے کہ یہ انجری معمولی ہے اور وہ جلد ہی ایکشن میں نظر آئیں گے۔آسٹریلیا کا ورلڈ کپ شیڈول آسٹریلیا کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 11 فروری کو کولمبو میں آئرلینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ بھی کرے گی جہاں 29 جنوری سے تین ٹی 20 میچز کی سیریز شیڈول ہے۔












