دمشق (ہ س)۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی نے امارات اور شام کے درمیان فضائی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ "اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان پروازیں دوبارہ سے چلانے کے لیے مطلوبہ اقدامات کی تکمیل کے سلسلے میں مشترکہ رابطہ کاری جاری ہے۔ اس کا مقصد فضائی آمد و رفت کو فروغ دینا اور مسافروں اور کارگو کی منتقلی کو سپورٹ کرنا ہے”۔دونوں ملکوں کے درمیان فضائی آمدورفت کی بحالی، شامی صدر احمد الشرع کے حالیہ دورہ امارات کے بعد سامنے آئی ہے۔ الشرع نے دورے میں اماراتی ہم منصب شیخ محمد بن زائد سے ملاقات کی۔ بن زائد نے شام کی یکجہتی، خود مختاری اور اراضی کی سلامتی کی حمایت کے حوالے سے ایک بار پھر امارات کا موقف باور کرایا۔