سرینگر، خطہ چناب کے کشتواڑ جنگلات میں درخت خیمے پر گر جانے کے باعث وہاں رہائش پذیر بکرال کنبے کے چار افراد موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے ۔اس ضمن میں ملی تفصیلات کے مطابق کشتواڑ جنگلات میں بکرال کنبے پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب دوران شب بہلنا جنگلات میں شدید آندھی اور تیز بارشوں کے بعد ایک درخت وہاں قائم ایک عارضی خیمے پر درخت گر آیا جس کے نتیجے میں خیمے میں موجود ایک ہی کنبے کے چار افراد موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے ۔ نمائندے نے عین شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کشتواڑ کے بہلنا جنگلات میں کل رات ایک درخت عارضی خیمے پر گرنے سے بکروال کنبے کے چار افراد لقمہ اجل ہو گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آدھی رات کے قریب علاقے میں تیز ہواؤ ں اور شدید بارش کے درمیان درخت گراجس کے نتیجے میں یہ حادثہ رونما ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت نذیر احمد (55سال)، ان کی بیوی انور بیگم (42سال)، شمع بیگم (26سال) بیوی شوکت احمد اور شکیلہ بانو (17سال ) کے طور پر کی گئی اور یہ بکروال کنبہ ضلع کٹھوعہ کے رہنے والے تھے۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام افراد کی نعشیں ضروری لوازمات کی ادائیگی کے بعد آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کی گئی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔