نئی دہلی، پریس ریلیز،ہماراسماج:ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر ، نئی دہلی کے صدر عمومی شیخ محمدرحمانی سنابلی مدنی حفظہ اللہ کے ساتھ ان کے آفس میں بعض میڈیا چینلز نے ایک پریس کانفرنس کی جس میں اس سال حج بیت اللہ پر جانے والے حجاج کرام کی وفیات، سعودی حکومت کے انتظامات اور بعض نام نہاد میڈیا چینلز پر چلنے والی بعض جھوٹی خبروں سے متعلق تفصیلی گفتگو اورسوال وجواب کیے گئے ،اس سلسلہ میں روزنامہ سیاسی تقدیر کے نیوز چینل سیاسی تقدیر کے نمائندہ جناب ارشد ندیم، نیوز چینل بھارت ایکسپریس کے نوجوان صحافی نثار احمد خان اوران کے کیمرہ مین اور TV14بھارت کے ذمہ دار جناب اسرار احمد سنابلی اور ان کے معاون کیمرہ مین نے شرکت کی اس اہم پریس کانفرنس میں مولانا رحمانی نے اپنی باتیں کھل کررکھیں اور صحافیوں کے سوالوں کا حقیقت پسندانہ مفصل جواب بھی دیا ۔مولانا محمدرحمانی نے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا بیان کی اور فرمایا کہ عموماً حج بیت اللہ کے دوران ہونے والے حادثات کا بنیادی سبب غیر قانونی طریقہ سے حج کے لیے چپکے سے یا سوچی سمجھی سازش کے تحت داخل ہونے والے افراد ہوتے ہیں ۔ اس سال بھی یہ حادثہ اسی وجہ سے پیش آیا ہے، ہم اس بات کا اندازہ سعودی حکومت اوربین الاقوامی اورملکی میڈیا کے اس آنکڑے سے لگا سکتے ہیں کہ حج میں اس سال ہونے والی اموات کی کل تعداد 1301تھی اور ان میں سے 1144حاجی بغیر پرمٹ اور تصریح کے حج انجام دینے والے تھے جبکہ قانونی لحاظ سے حج کوانجام دینے والے حجاج میں سے صرف 157حاجی فوت ہوئے ہیں ۔