دہرادون (یو این آئی) اتراکھنڈ کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (آرمی) گرمیت سنگھ نے دہرادون کے شوریہ استھل چیڑ باغ میں ‘وایویر وجیتا کار ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے ’شوریہ استھل‘ جنگی یادگار پر بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ہندوستانی فضائیہ اتراکھنڈ وار میموریل کمبائنڈ کار ریلی، جو تھوئیس (ڈیاچن) سے شروع ہوئی اور لیہہ، سری نگر اور جموں سے ہوتی ہوئی پیر کو دہرادون پہنچی۔ یہ ریلی لداخ کے تھوئس سے اروناچل پردیش کے توانگ تک 7000 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی، جو فضائیہ کی شاندار تاریخ کی تشہیر کرے گی اور نوجوانوں کو فورس میں شامل ہونے کی ترغیب دے گی۔ ونگ کمانڈر وجے پرکاش بھٹ کی قیادت میں ہونے والی اس ریلی میں آئی اے ایف کے سینئر افسر گروپ کیپٹن ونے اگنی ہوتری، ایورسٹ سر کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل اشونی پوار، کوہ پیما میجر سواتی اور تیس دیگر شریک گروپس شامل ہیں۔ریلی کو جھنڈی دکھاتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سات ہزار کلومیٹر کی کار ریلی نکالنا اپنے آپ میں مضبوط عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہندوستانی فضائیہ بہادری، ہمت اور اعلیٰ ترین ٹیکنالوجی، جدید کاری اور خود انحصاری کی ایک بہترین مثال ہے۔