کان پور ( آئی این ایس انڈیا ) بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کانپور گرین پارک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش اور خراب روشنی کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل میچ شروع ہونے کے ڈیڑھ گھنٹے بعد بارش ہوئی اور کھیل روک دیا گیا۔اس کے بعد کھیل نہ ہوسکا اور دن کا کھیل منسوخ کرنا پڑا۔اس میچ میں ٹاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جہاں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بارش کے آنے تک بنگلہ دیش نے 35 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنا لیے تھے۔ بھارت کی جانب سے آکاش دیپ نے 2 اور روی چندرن اشون نے 1 وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ذاکر حسن صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد شادمان اسلام 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان نظم حسین شانتو 31 رنز کے ذاتی سکور پر ایشون کا شکار بن گئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے اس وقت مومن الحق 40 اور مشفق الرحیم 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔میچ کے پہلے 4 دنوں کے لیے موسم کی پیشین گوئی کافی مایوس کن ہے۔ اکیوویدر کی رپورٹ کے مطابق 27 ستمبر کو پہلے دن بارش کا 93 فیصد امکان ہے جبکہ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دوسرے روز بھی صورتحال میں کوئی خاص بہتری نہیں آئے گی، بارش کا 80 فیصد امکان ہے۔ جیسے جیسے ٹیسٹ آگے بڑھے گا بارش کا امکان ہو گا۔ تیسرے دن 65 فیصد اور چوتھے دن 59 فیصد بارش کا امکان ہے جو آخری دن صرف 5 فیصد رہ جائے گا۔روی چندرن اشون ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں انل کمبلے سے بہت پیچھے ہیں۔ لیکن اب اشون ایشیائی پچوں پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔ اشون نے کانپور ٹیسٹ کے پہلے دن بنگلہ دیش کے کپتان کو آؤٹ کیا، جو ایشیا میں ان کی 420 ویں وکٹ تھی۔ ان سے پہلے انل کمبلے نے ایشیا میں کل 419 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اب ایشیا میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں اشون صرف متھیا مرلی دھرن سے پیچھے ہیں جنہوں نے ایشیا میں 612 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ 354 وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔