جھنجھنو، ( یواین آئی) آل انڈیا یونیورسٹیز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام شری جے جے ٹی یونیورسٹی میں جاری آل انڈیا انٹر یونیورسٹی کرکٹ (مرد وں کے زمرے) چیمپئن شپ کے تیسرے دن چھترپتی ساہو جی مہاراج یونیورسٹی کانپور اور شاعرہ بہینا بائی چودھری نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی جلگاوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ سپر اوور تک کھیلا گیا جہاں کانپور یونیورسٹی نے جلگاؤں یونیورسٹی کو 2 رنز سے شکست دی۔وہیں دیگر میچ میں پنڈت دین دیال اپادھیائے شیخاوتی یونیورسٹی، سیکر نے ہماچل پردیش یونیورسٹی، شملہ کو 45 رنز سے شکست دی۔ ویر بہادر سنگھ پوروانچل یونیورسٹی، جونپور نے سوراشٹرا یونیورسٹی، راجکوٹ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔جلگاؤں یونیورسٹی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔کانپور یونیورسٹی کے لیے امن یادو نے 4 اوورز میں 21 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کانپور یونیورسٹی نے اپنی پہلی وکٹ 4 اوور میں 32 رنز پر گنوا دی۔ اس کے بعد آدیش کی 38 گیندوں پر 54 رنز کی نصف سنچری اور 27 گیندوں پر امان کے 40 رنز کی بدولت ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا کر میچ برابر کر دیا۔ سپر اوور میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کانپور یونیورسٹی نے 22 رنز بنائے جس کے جواب میں جلگاؤں یونیورسٹی صرف 20 رنز بنا سکی اور یہ سنسنی خیز میچ 2 رنز سے ہار گئی۔
پول ڈی کے میچ میں ہماچل پردیش یونیورسٹی شملہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔پنڈت دین دیال اپادھیائے شیخاوتی یونیورسٹی سیکر منیش گڈوال کے 24 گیندوں پر 33 اور دھرو کھنڈیلوال کے 23 گیندوں پر 28 رنز کی بدولت 20 اوورز میں 146 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ایچ پی یو یونیورسٹی شملہ کی طرف سے آدتیہ نے 34 رن پر 3 وکٹیں حاصل کیں، دلیپ نے 15 رن پر 2 وکٹ لئے۔ ہدف کے تعاقب میں ایچ پی یو یونیورسٹی شملہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 101 رنز بنا سکی اور پی ڈی یو ایس یونیورسٹی سیکر نے یہ میچ 45 رنز سے جیت لیا۔