کانپور:۔ دور جدید میں پیش آنے والے نئے اور پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے شہر کانپور کے جید علماء و مفتیان پر مشتمل مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب قاسمیؒ کی قائم کردہ کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست اکیڈمی کے دفتر جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں منعقد ہوئی۔
میٹنگ میں ایک اہم مسئلہ قرض کے لین دین کا تھا، چونکہ اسلام میں قرض سے نفع اٹھانا ناجائز ہے، یعنی قرض دے کر اس سے زائد رقم نفع کے نام پر وصول کرنا درست نہیں ہے اور ضرورتمندوں کو ان کے ضرورت کے اعتبار سے قرض دینا بڑا کار ثواب ہے، اس لئے معاشرہ میں غیر سودی قرضوں کوفروغ دینا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ البتہ کاروباری حضرات جو قرض کے ذریعہ کاروبار بڑھاناچاہتے ہیں اور قر ض کے لین دین میں سود سے بھی بچنا چاہتے ہیں، ان کے لئے یہ مسئلہ غور طلب تھا کہ یہ طریقہ اختیار کرنا کہ قرض لینے والا جس سامان کی خریداری کے لئے قرض لے رہا ہے وہی سامان پہلے قرض دینے والے کی نیت سے نقد خرید کر پھر اسے خود اپنے لئے ادھار خرید لے تاکہ قرض دینے والے کا نفع ہو جائے یہ طریقہ شرعاً صحیح ہے یا نہیں؟اس پر فقہاء کی عبارات وغیرہ اور طویل بحث اورغور خوض کرنے سے واضح ہوا کہ کسی کو قرض دے کر اس پر نفع وصول کرنا تو صریح سود ہے، لیکن سود سے بچنے کے لئے اگر زید (قرض دہندہ)عمرو(قرض خواہ)کو وکیل بالشراء بنا دے اور عمرو وکیل،زید موکل کی طرف سے بقدر قرض (مثلاً پچاس ہزار روپئے کے بقدر)سامان خرید لے اورخریدنے کے بعد وکیل عمرو، اپنے موکل زید کو اطلاع کر دے کہ آ پ کی طرف سے میں نے خرید کر قبضہ کر لیا ہے۔بعد ازاں کچھ وقفہ کے بعد موکل زید، اپنے وکیل عمرو سے کہے کہ مجھ سے یہ سامان مثلاً ساٹھ ہزار روپئے میں ادھار خرید لو تو اس طرح کا معاملہ کرنا درست ہے بشرطیکہ موکل کو بیچنے اور نہ بیچنے کا نیز وکیل کو خریدنے اور نہ خریدنے کا اختیار ہو، کیونکہ وکیل بالشراء(کسی سامان کو خریدنے کیلئے کسی کواپنی طرف سے وکیل بنانا) عمرو کا ابتداءً قبضہ بحیثیت وکیل کے تھا اور ثانیاً اس کا قبضہ بحیثیت خریدار کے ہے، اس لئے یہ قبضہ ثانیہ حکمی و معنوی طور پر تجدید قبضہ مانا جائے گا۔
اس کے علاوہ میٹنگ میں کئی اہم مسائل پر بھی غور وخوض کیا گیا۔ میٹنگ کا آغاز مفتی محمد واصف نے تلاوت قرآن پا ک سے ہوا۔ میٹنگ میں اگلی نشست 10/ جنوری 2024بروز بدھ کوطے کی گئی۔
میٹنگ میں علمی اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، نائب صدر مفتی عبد الرشید قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری، جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے ساتھ مفتی سید محمد عثمان قاسمی، مولانا محمد انیس خاں قاسمی، مولانا محمد انعام اللہ قاسمی،مفتی محمد مفتاح قاسمی، مولانا حفظ الرحمن قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مفتی سعد نور قاسمی،مفتی محمد واصف قاسمی، مفتی محمد دانش قاسمی،مفتی محمد معاذ قاسمی، مفتی سلطان قمرقاسمی، مفتی عاقب شاہد قاسمی، مفتی محمد حسان قاسمی، مفتی محمد ذکوان قاسمی طور خاص موجود تھے۔