ارریہ، ( مشتاق احمد صدیقی ) بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ سے ملحق ضلع ارریہ کا معیاری و مثالی ادارہ مدرسہ اصلاح المسلمین بھگوان پور بلاک جوکی ہاٹ میں وسطانیہ امتحان اختتام پذیر ہو گیا ۔ گیارہ جنوری سے پندرہ جنوری تک جاری رہنے والے اس پانچ روزہ تحریری امتحان میں شریک طلبہ و طالبات نے امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پرامن اور صاف و شفاف ماحول سے بہت متاثر ہوئے ،ان سبھوں میں امتحان کے آخری روز کافی خوشی کا ماحول نظر آیا۔ امتحان میں شریک مدرسہ کی طالبات ؛گلستاں ناز ،عظمیٰ ناز ،ارم فاطمہ ،نادیہ ذکریٰ ،عفیفہ ،زینب ،سائرہ ،ریحانہ ،شمع ،حنا ،شہنائی اور سمیہ وغیرہ نے کہا کہ یہاں کا ماحول نہایت روح پرور اور دلکش و پرلطف نظر آتا ہے اور مدرسے کے صدر المدرسین کے ساتھ سارے اساتذہ بچوں کے ساتھ عمدہ سلوک کرتے اور بےانتہا شفقت کا معاملہ کرتے ہیں جو نہایت قابلِ تعریف عمل ہے۔ متحان کے اختتام پر ادارے کے صدر المدرسین مفتی محمد اطہر القاسمی نے کہا کہ بچے ہماری ملت کے قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل ہیں اس لئے انہیں اپنی اولاد کی طرح معیاری و مثالی تعلیم و تربیت سے آراستہ و پیراستہ کرنا بحثیت معلم کے ہماری اولین ذمےداری ہے جبکہ امتحان کے نظم و نسق کے نگراں معاون مدرس ماسٹر محمد غفران عالم نے کہا کہ مفتی صاحب کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر معیاری و مثالی تعلیم وتربیت ،تعلیمی جائزے اور سالانہ امتحان میں دل و جان سے محنت کرنا ہمارے لئے واجب و ضروری عمل ہے تاکہ ہم ایک عمدہ نسل کی آبیاری کا فریضہ انجام دے سکیں ۔وہیں دیگر اساتذہ ؛مولانا محمد عامر قاسمی ،قاری محمد تمجید اور شہزادی بیگم نے بھی صاف شفاف امتحان کے انعقاد میں بھرپور تعاون پیش کیا اور بچوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔












