پٹنہ14 اگست: جے ڈی یو کے سر گرم لیڈر ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور کی قیادت میں جاری ‘کاروان اتحاد و بھائی چارہ’ کے تحت آج گوپال گنج ضلع کے بھورے اور برولی سمیت کئی مقامات پر پروگرام ہوئے۔ بھورے بلاک احاطہ واقع کانفرنس ہال میں منعقد پرو گرام میں ریاستی وزیر سنیل کمار خاص طور سے موجود تھے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کارواں کے روح رواں ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ ملک میں ان دنوں ہٹلر شاہی چل رہی ہے۔ جس طرح سے ہٹلر نے جرمنی میں نفرت کی دیوار کھڑی کرکے حکومت سازی کی اورجس طرح سے پورے جرمنی کو برباد کیا، ٹھیک اسی راستے پر ہندوستان میں بی جے پی اور بی جے پی کے لیڈران چل رہے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی جمہوری شبیہ کو یہ لوگ خراب کر رہے ہیں۔ 

ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ پورے ملک کے جو حالات ہیں وہ انتہائی کشیدہ ہیں، یہ اور بات ہے کہ بہار میں وزیر اعلی نتیش کمار کی سرکارہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے نہ صرف ریاست کی ترقی کی ہے بلکہ انسانیت کی بھی ترقی کی ہے۔ انہوں نے کبھی بھی فرقہ پرستی سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ آج بی جے پی اور آر ایس ایس کے ذریعہ ہمارے ہندو بھائیوں کے دل و دماغ میں ہمارے خلاف زہر بھر دیا گیا ہے، ہمارے درمیان ایسی خلیج پیدا کر دی گئی ہے کہ ہم ایک دوسرے کو دشمن سمجھنے لگے ہیں۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ ہم اگر آج سے نفرت کے خلاف متحد ہو جائیں تو بی جے پی خود بہ خود ختم ہو جائے گی۔ چونکہ بی جے پی کی سیاست صرف نفرت اور فرقہ پرستی کی بنیاد پر قائم ہے۔ ہمیں اس نفرت کے خاتمہ کیلئے آگے آنا ہوگا۔
اس موقع پر ریاستی وزیر سنیل کمار سنگھ نے کہا کہ ملک کی موجودہ حکومت کچھ سرمایہ داروں کو مستفید کرنے تک محدود ہے۔ اس حکومت نے پورے ملک میں فرقہ پرستی کو بڑھاوا دیا ہے۔ جبکہ وزیر اعلی نتیش کمار نے فرقہ پرستی سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ کاروان اتحاد و بھائی چارہ کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خالد انور مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے بہارکے گاؤں گاؤں میں اتحاد و بھائی چارہ کا پیغام پہنچا نے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اسکے بعدیہ کارواں پرسا برولی پہنچا۔ جہاں دیر شام تک پروگرام جاری رہا۔